زرعی قوانین اور شہریت قانون پر افواہیں گھڑنے کا الزام ۔ بی جے پی یوم تاسیس کے موقع پر وزیر اعظم کا خطاب
نئی دہلی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج بی جے پی کے مخالفین پر تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ یہ لوگ زرعی قوانین سے شہریت قانون تک جھوٹ پھیلا رہے ہیں تاکہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جاسکے ۔ انہوں نے پارٹی ارکان سے کہا کہ عوام کو ان کی حقیقت سے واقف کروایا جائے ۔ بی جے پی کے 41 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کے خلاف تصوراتی خوف اور افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اور یہ ادعا کیا جا رہا ہے کہ عوام کی شہریت ختم کردی جائے گی ‘ کسانوں کی اراضیات چھین لی جائںے گی ‘ دستور کو بدل دیا جائیگا یا پھر تحفظات کو ختم کردیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنی انتخابی شکستوں کو قبول نہیں کرسکتے اور جن کے سیاسی مفادات ہیں اور جو بی جے پی کے مخالف ہیں وہی اس طرح کی کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششوں کا ملک کو تادیر نقصان ہوگا ۔ بی جے پی کارکنوں کو چاہئے کہ وہ عوام کو ان کی حقیقت سے واقف کروائیں۔ انہوں نے آن لائین خطاب میں یہ بات کہی جس کا ملک بھر کے کارکنوں نے مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ہر کارکن کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے پس پشت سیاست کی جا رہی ہے ۔ یہ ایک بہت بڑی سازش ہے ۔ اس کا مقصد ملک میںسیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے ۔ اس کیلئے کئی طرح کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں ۔ تصورات اور خیالی خوف پیدا کئے جا رہے ہیں۔ یہ ایک سنگین چیلنج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری عوامی زندگی میں نئی حکمت عملی پھیل گئی ہے ۔ جھوٹی باتیں تیار کی جا رہی ہیں ‘ کبھی یہ جھوٹ شہریت ترمیمی قانون کے تعلق سے ہوتی ہیں تو کبھی یہ زرعی قوانین کے تعلق سے تو کبھی یہ لیبر قوانین کے تعلق سے ہوتی ہیں۔ انتہائی جھوٹ کو تیزی سے پھیلایا جا رہا ہے ۔ ہم کو اس تعلق سے چوکس رہنے اور عوام میں درست اطلاعات عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم نے ان عناصر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جو اکثر بی جے پی کو انتخابات جیتنے والی مشین قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دوہرے معیارات رکھتے ہیں۔ جب کبھی انہیں کامیابی ملتی ہے تبھی وہ ستائش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہی لوگ ہیں جو ہندوستان کی جمہوریت کے شعور کو نہیں سمجھتے اور نہ ہی وہ شہریوں کی توقعات پر پورے اترتے ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ملک کے عوام نے بی جے پی کو اس کی کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے غریبوں اور دیہی علاقوں کے عوام نے بی جے پی کو قبول کرلیا ہے کیونکہ انہیں پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ ملک میں انتیودیا کو حقیقت کا روپ دیا جا رہا ہے ۔ اس کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے بینک اکاونٹس کھولنے ‘ مکانات و بیت الخلا تعمیر کرنے اور مفت ایل پی جی سلینڈرس تقسیم کرنے جیسی اسکیمات کا حوالہ بھی دیا ۔ غریبوں اور مڈل کلاس نے بی جے پی کو قبول کرلیا ہے ۔