کانگریس کا کورونا کنٹرول روم
ایک ملک ، ویکسین کی پانچ قیمتیں ناقابل قبول : کانگریس
نئی دہلی: کانگریس نے ریاستی یونٹس کے ساتھ تال میل قائم کرنے اور کورونا مریضوں کو مدد فراہم کرنے کیلئے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے۔کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے آج بتایا کہ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے فوری طور پر ایک کنٹرول روم قائم کرنے کیلئے کہا ہے۔ کنٹرول روم ہر روز ریاستی یونٹوں کے کنٹرول روم سے رابطہ کرے گا اور معلومات کو شیئر کرے گا۔ اس سے قبل پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی نے ٹویٹ کیا ’’ سسٹم فیل ہے اس لئے عوامی مفاد کی بات کرنا ضروری ہے۔ اس بحران میں، ملک کو ذمہ دار شہریوں کی ضرورت ہے۔ اپنے کانگریس ساتھیوں سے میں درخواست کرتا ہوں کہ سبھی سیاسی کام چھوڑ کر صرف عوام کی مدد کریں، ہر طرح سے ملک کے عوام کے دکھ درد کو دور کریں۔ اس دوران کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کورونا ویکسین کی مختلف قیمتوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ’’ایک ملک ، دو ویکسین کمپنیاں ، پانچ مختلف قیمتیں۔کوشیلڈ ویکسین کی قیمت، مودی حکومت کیلئے 150، ریاستی حکومت کیلئے 400، ہاسپٹل اور عام لوگوں کیلئے 600۔ کویکسین ٹیکے کی قیمت، مودی حکومت کیلئے 150، ریاستی حکومت کیلئے 600 اور ہاسپٹل اور عام لوگوں کیلئے 1200 روپئے ہے۔