نارائن پیٹ میں 8 دن سے بھوک ہڑتال کرنے والے کمیونسٹ قائدین کا عزم
نارائن پیٹ ۔ نارائن پیٹ ضلع مستقر پر میونسپل پارک کے روبرو ،۔ کسانوں کی جاری زنجیری بھوک ہڑتال آج آٹھ ویں دن میں داخل ہوگئی ۔ نارائن پیٹ ضلع کی بائیں بازو تنظیموں نے مرکزی حکومت کی جانب سے بنائے گئے زرعی قوانین کے خلاف اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے مختلف مقامات اور مواضعات میں احتجاجی پروگرام میں دھرنے منعقد کر رہی ہیں۔ آج نارائن پیٹ میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں مسٹر بالرام ، سی آئی ٹی یو ضلع سکریٹری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی حکومت کے غیر جمہوری طریقہ پر وضع کردہ سیاہ زرعی قوانین کی منسوخی تک یہ احتجاج جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے قریب لاکھوں کسان شدید سردی میں کھلے آسمان کے تلے تقریباً ایک ماہ سے مودی حکومت کی جارہانہ رویہ کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس احتجاج کے دوران 33 کسانوں نے اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے ۔ حکومت کی سرد مہری سے ان کسانوں کے اور عزائم بلند ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے ۔ یہاں کوئی بھی شخص من مانی نہیں کرسکتا ۔ جس طرح مودی حکومت غیر جمہوری طریقہ سے عجلت میں تین زرعی سیاہ قوانین کو منظور کروائی ہے ۔ یہ تاریخ کا بدترین طریقہ ہے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ مرکزی حکومت ان سیاہ قوانین کو فوری اثر کے ساتھ منسوخ نہیں کرتی ہے تو یہ احتجاج ملک گیر سطح پر شروع کیا جائے گا ۔ ہمارا ملک جئے جوان اور جئے کسان کاملک ہے ۔ اس ملک کی بقاء اور استحکام جو فوجی جوانوں اور زرعی کسانوں کی بدولت ہے ۔ اس موقع پر بائیں بازو تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں نے بھی مخاطب کیا ۔