وزراء کا وفد دورہ کر کے تفصیلات حاصل کرے گا ، وزیر اتم کمار ریڈی کی صدارت میں اجلاس
حیدرآباد۔19جنوری(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے وزراء کا وفد جلد ہی ’سیتا رام ‘ پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کرے گا۔ سیتارام پراجکٹ میں بھی بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا خدشہ ہے جن کی تحقیقات کروائی جانی چاہئے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس جس میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک ‘ مسٹر ٹی ناگیشور راؤ کے علاوہ مسٹر پی سرینواس ریڈی اور محکمہ جاتی عہدیدار موجود تھے۔ اس اجلاس کے دوران وزراء نے کہا کہ حکومت ہرروز بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کے انکشافات سے حیرت زدہ ہے کیونکہ کسی بھی پراجکٹ کی تفصیلات کے حصول میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا انکشاف ہونے لگا ہے۔ وزراء نے جائزہ اجلاس کے دوران اس بات کا فیصلہ کیا کہ حکومت کی جانب سے وزراء کے وفد کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے مذکورہ پراجکٹ کا دورہ کیا جائے گا اور اس پراجکٹ کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزراء نے ضلع کھمم میں موجود اس پراجکٹ کے متعلق بتایا کہ سابق میں یہ پراجکٹ دمو گوڑہ اور اندرا ساگر پراجکٹ کے نام سے تھے لیکن یہ بات ناقابل فہم ہے کہ سابقہ حکومت نے آخر کیوں ان پراجکٹس کے ڈیزائن میں تبدیلی لاتے ہوئے اسے سیتا رام پراجکٹ کانام دیا اور اس کی لاگت میں اضافہ کیا گیا! وزراء نے اس جائزہ اجلاس کے دوران بتایا کہ 2014 میں جب بھارت راشٹرسمیتی نے ریاست میں اقتدار حاصل کیا تھا اس وقت اس پراجکٹ کی تخمینی لاگت 1400 کروڑ تھی اور 10 سال بعد ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کرنے کے باوجود اس پراجکٹ کو تکمیل نہیں کیا جاسکا ہے۔ڈپٹی چیف منسٹرنے بتایا کہ راجیو ساگر اور اندرا ساگر کے لئے اگر بی آر ایس حکومت کی جانب سے مزید 700 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے پراجکٹ کو مکمل کرنے کے اقدامات کئے جاتے تو ایسی صورت میں یہ پراجکٹس مکمل ہوجاتے کیونکہ ان پراجکٹس کی جو تخمینی لاگت تھی وہ 1681 کروڑتھی لیکن بی آر ایس نے اس پراجکٹ کو تکمیل کرنے میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا جبکہ اگر اس پراجکٹ کو مکمل کرلیا جاتا تو ایسی صورت میں 3لاکھ 30ہزاراراضی کو سیراب کیا جاسکتا تھا۔سابقہ حکومت کی جانب سے اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کے بجائے دونوں پراجکٹس کے لئے نیا ڈیزائن تیار کرواتے ہوئے اس کی لاگت کو 18ہزار کروڑ کردیا گیا اور اس میں اب تک 7500کروڑ خرچ کئے گئے لیکن اس کے باوجود بھی ایک ایکڑ اراضی کو بھی سیر اب نہیں کیا جاسکا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست میں اس پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں موجودہ حکومت کی جانب سے اقدامات کا آغاز کیا جائے گا۔ کیپٹن اتم کمارریڈی نے کہا کہ آئندہ دو تین یوم کے دوران ریاستی وزراء کا وفد اس پراجکٹ کا عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کرتے ہوئے موجودہ صورتحال سے آگہی حاصل کرے گا۔ 3