کھمم ضلع کے وائرا حلقہ میں وزراء کا انتظامات کا جائزہ: وزیر پی سرینواس ریڈی
حیدرآباد۔/11 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ضلع کھمم کی عوام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ موجودہ کانگریس حکومت سیتاراما پراجکٹ کو جنگی خطوط پر تعمیر کرے گی اور اس کا افتتاح 15 اگسٹ کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے آج یہاں کھمم میں اپنے ہم منصب کابینی وزیر کیپٹن اتم کمار ریڈی کے ہمراہ دورہ کیا۔ ضلع کھمم کے وائرا حلقہ میں وزراء نے انتظامات کا جائزہ لیا اور پراجکٹ کے متعلق تفصیلات کو آگاہ کروایا۔ گوداوری کا پانی کرشنا ندی کے آبگیر علاقوں تک پہنچانے والے سیتا راما پراجکٹ کو سابق حکومت نے شروع کیا تھا۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ سیتا راما پراجکٹ کے ڈیزائن کو بدلتے ہوئے بڑے پیمانے پر کے سی آر حکومت نے دھاندلیاں کی اور کروڑہا روپئے لوٹ لئے۔ پونگولیٹی نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے ری ڈیزائن کے نام پر 2400 کروڑ سے 10,000 کروڑ تک پراجکٹ کی لاگت کو بڑھا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجکٹ سے ضلع کھمم کی عوام کی خواہشات اور امیدیں وابستہ ہیں۔ ریونت ریڈی کابینہ اس پراجکٹ کو جنگی خطوط پر مکمل کرنا چاہتی ہے۔ کم سے کم خرچ میں زیادہ سے زیادہ اراضی کو سیرابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راجیو کنال کے ذریعہ ایک لاکھ ایکر اراضی کو سیرابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یاددہانی کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی وعدہ کی تکمیل کے تحت ہی سیتا راما پراجکٹ کی تکمیل کرتے ہوئے کسانوں کے حوالے کردیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ مرکزی وزراء سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں 65 ٹی ایم سی پانی کو مختص کرنے کیلئے راضی کروالیا گیا اور اس سلسلہ میں کانگریس حکومت کی جانب سے جی او کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس موقع پر ریاستی وزیر آبپاشی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ سابق میں سیتا راما پراجکٹ کیلئے کسی بھی قسم کی کوئی منظوری نہیں تھی کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سنٹرل واٹر کمیشن اور مرکزی حکومت کو راضی کرتے ہوئے اقدامات کئے گئے اور ہر طرح کی اجازت حاصل کرلی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 57 ٹی ایم سی گوداوری کے پانی کو سیتا راما پراجکٹ کیلئے مختص کرنے کے اقدامات کئے گئے اور انیور لنک کنال کو راجیو کنال کا نام دیا گیا۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کے سی آر حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 8 ہزار کروڑ خرچ کرنے کے باوجود کے سی آر حکومت نے کم از کم پمپ کا کام تک مکمل نہیں کیا اور نہ ہی ایک ایکر اراضی کو پانی سربراہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگسٹ 2026 تک سیتا راما پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا اور اس پراجکٹ کیلئے 1658 ایکر اراضی کو حاصل کرتے ہوئے پراجکٹ کی تکمیل کی جائے گی۔ع