سیدنا ابوبکر صدیقؓ ، عشق رسول کی عملی تصویر

   

ڈاکٹر سید اویس بخاری
اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کے ساتھ اُن کے چند رفقاء اور حواری عطا فرمائے ہیں جو اُن کے تبلیغ دین حنیف میں مدد و نصرت کیا کرتے رہے ، مگر جب بات خاتم النبیین ، احمد مصطفی ﷺ کی بات آئی تو چونکہ آپؐ سارے انبیاء کے سردار و افضل ہیں تو آپ کے صحابہ و ساتھی بھی سارے انبیاء کرام کے ساتھیوں اور صحابہ سے افضل عطا کیا گیا ، ان کی تربیت ، تعلیم و تزکیہ آقا کریم ﷺ کے ذریعہ فرمائی ، یہ ایک ایسی مقدس جماعت ہے جو حضور اکرم ﷺ کے درمیان صرف ایک واسطہ و وسیلہ ہے عاشق مصطفی ؐ، سالار صحابہ،پیکر صدق و وفا،یار غار و یار مزار،اسلام کے پہلے خلیفہ،افضل البشر بعد الانبیاء ،امیر المومنین حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ کی شان بہت بلند و بالا ہے،اللہ پاک نے آپ کی شان و عظمت کو قرآن کریم میں بیان فرمایا اور نبی کریم ﷺنے کئی احادیث مبارکہ میں آپ کی شان اور آپ کے فضائل و مناقب کو بیان فرمایا ہے۔جس وقت مصطفی کریم ﷺ نے اعلان نبوت فرمایا تو کئی جاں نثاروں نے اسلام قبول فرمایا ، کون سب سے پہلے دولتِ ایمانی سے مشرف ہوئے تو اس پر اختلاف رہا تو علمائے کرام نے اس کی یوں تطبیق فرمائی کہ حضرت سیدنا ابو بکر صدیق مرد حضرات میں سب سے پہلے ایمان لائے، عور توں میں حضرت سیدتنا خدیجۃ الکبریٰ پہلے ایمان لے آئیں ، بچوں میں حضرت سیدنا مولیٰ علی ؓ اور غلاموں میں حضرت سیدنا زید بن حارثہؓ مشرف بہ اسلام ہوئے۔
حضرتِ ابو بکر صدیق ؓکا لقب’’یارِغار‘‘ رہا جس کا ذکر سورہ تو بہ میں مو جود ہے۔اللہ عز وجل انھیں ثانی اِثنین کے لقب سے یاد فرماکر حبیب پاک ﷺ کے بعد آپ کی عظمت وشان ہونے کا اشارہ دیا ۔ حضور ﷺنے انھیں اپنے مصلیٰ پر امام بنایا آپ کی حیات مبارکہ میں آپؓ نے ۹ بار امامت فرمائی۔ آپ کی فضیلتوں میں یہ بھی شامل ہے کی آپؓ کی ۴ پشت صحابی ہیں:(۱) آپؓکے والدین (۲) آپؓ خود بھی صحا بی ہیں (۳) آپؓ کی اولاد بھی صحا بی (۴) آپؓ کی اولاد کی اولاد بھی صحا بی ہیں۔ یہ ایک منفرد اعزاز آپ کے حصہ میں رہا۔ مردوں میں سب سے پہلے ایمان لائے اور اسلام کے اولین داعیوں میں شامل تھے۔ واقعہ معراج میں مشرکین کے شک کرنے پر انہوں نے فوراً تصدیق کی، جس پر انہیں ’’صدیق‘‘ کا لقب ملا۔
آقا کریم ﷺ کے وصالِ مبارک کے بعد پہلے خلیفہ بنے، جنہوں نے مختصر عرصے میں خلافت کو مضبوط کیا،آپؓ کی تقرری امت مسلمہ کا پہلا اجماع کہلاتی ہے۔بارِ خلافت سبھا لنے کے بعد آپؓ نے مسلمانوں کے سامنے پہلا خطبہ دیا کہ : ’’میں آپ لوگوں پر خلیفہ بنایا گیا ہوں حا لا نکہ میں نہیں سمجھتا کہ میں آپ سب سے بہتر ہوں۔ اُس ذات پاک کی قسم! جس کے قبضے میں میری جان ہے، میں نے یہ منصب وامارت اپنی رغبت اور خواہش سے نہیں لیا، نہ میں یہ چا ہتا تھا کہ دوسرے کے بجائے یہ منصب مجھے ملے، نہ کبھی میں نے اللہ سے اس کیلئے دعا کی اور نہ ہی کبھی میرے دل میںاس منصب کیلئے حرص لا لچ پیدا ہوئی‘‘۔