ڈاکٹر عاصم ریشماں
تاریخِ اسلام کے آسمان پر بعض مقدس و محترم ہستیاں ایسی جلوہ گر ہیں جن کی عظمت و رفعت کا اعتراف ہر دور میں اہلِ ایمان کے دلوں میں عقیدت و محبت کی صورت میں زندہ رہا ہے۔ اُن کی پاکیزہ زندگی کا ہر گوشہ ایمان و اخلاص، تقویٰ و طہارت، صبر و استقامت، عفت و حیا اور رضائے الٰہی کے حصول کا ایک روشن عنوان ہے۔ ان برگزیدہ شخصیات میں سیدہ کائنات، دخترِ رسول، خاتونِ جنت حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی ذاتِ گرامی کو نہایت بلند و ممتاز مقام حاصل ہے۔ آپ وہ عظیم المرتبت ہستی ہیں جن کی نسبت رسولِ اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی نورانی بارگاہ سے ہے، جن کی آغوش میں حسنینِ کریمین رضی اللہ عنہما جیسے جلیل القدر شہزادوں نے پرورش پائی اور جن کی سیرتِ طیبہ قیامت تک آنے والی خواتین کے لیے کردار و عمل کا بہترین نمونہ ہے۔آپ نے اپنی مختصر حیاتِ مبارکہ میں ایسے نقوشِ حیات چھوڑے جو عورت کی عظمت، اس کے مقام و مرتبہ اور معاشرے کی تعمیر میں اس کے بنیادی کردار کو نمایاں کرتے ہیں۔ آپ کی سیرت ہمیں بتاتی ہے کہ حقیقی عظمت مال و دولت اور دنیاوی منصب میں نہیں، بلکہ اخلاق کی بلندی اور اللہ تعالیٰ کی رضا میں پوشیدہ ہے۔
حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا رسولِ اکرم ﷺاور ام المؤمنین حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی صاحبزادی ہیں۔ آپ کی ولادتِ باسعادت مکہ مکرمہ میں ہوئی۔ مشہور روایت کے مطابق آپ کی ولادت ۲۰ جمادی الثانی کو بعثتِ نبوی کے پانچویں سال ہوئی۔ آپ کا تعلق اس پاکیزہ گھرانے سے تھا جس نے اسلام کی ابتدائی دعوت کے لیے بے شمار قربانیاں پیش کیں۔ آپ کے والدِ گرامی سید الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺاور والدہ ماجدہ حضرت خدیجۃ الکبریٰؓ کی ذاتِ مبارکہ آپ کیلئے تربیت و کردار کا سب سے عظیم سرچشمہ تھی۔ رسول اللہ ﷺنے آپ کے فضائل و مناقب کو متعدد مواقع پر بیان فرمایا۔ ایک مشہور حدیث میں ارشاد فرمایا: ”فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے اسے ناراض کیا اُس نے مجھے ناراض کیا“ ۔ایک دوسری روایت میں آپ کو جنت کی عورتوں کی سردار قرار دیا گیا ہے۔
آپ نے اپنی زندگی کے ہر مرحلے میں یہ ثابت کیا کہ عظمت کا معیار دنیاوی آسائش نہیں بلکہ ایمان، کردار، اخلاق اور رضائے الٰہی ہے۔ آج کی خواتین اگر اپنی زندگیوں کو سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کے پاکیزہ اسوہ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں تو انفرادی زندگی کے ساتھ ساتھ خاندانی اور معاشرتی نظام میں بھی پاکیزہ انقلاب برپا ہوسکتا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سیرتِ سیدہ کائنات کو صرف عقیدت و محبت کے اظہار تک محدود نہ رکھیں، بلکہ اس کے عملی پہلوؤں کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں، اپنی بیٹیوں کو اسوۂ فاطمی سے روشناس کرائیں اور اپنی نسلوں کی تربیت ان اعلیٰ اسلامی اقدار کے مطابق کریں۔اللہ تعالیٰ ہمیں اہلِ بیتِ اطہار کی سچی محبت، ان کے احترام اور ان کے پاکیزہ اسوہ پر عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین ﷺ۔
حضرت فاطمۃ الزہراء کا بچپن ایسے دور میں گزرا جب اسلام کی دعوت کو شدید مخالفت اور آزمائشوں کا سامنا تھا۔ کفارِ مکہ کی طرف سے رسول اللہ ﷺ کو اذیتیں پہنچائی جاتی تھیں، لیکن اس کم عمری میں بھی حضرت فاطمہ ؓاپنے والدِ گرامی کے دکھ درد میں شریک رہتی تھیں۔
ایک روایت کے مطابق جب کفارِ مکہ نے رسول اللہ ﷺکی پشتِ مبارک پر اونٹ کی اوجھڑی ڈال دی تو حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نے آگے بڑھ کر اسے ہٹایا اور اپنے والدِ محترم کی خدمت انجام دی۔ یہ واقعہ آپ کی کم عمری کے باوجود غیر معمولی محبت، جرأت اور وفاداری کا آئینہ دار ہے۔آپ نے شعبِ ابی طالب کی سختیاں، معاشرتی مقاطعہ اور ابتدائی دورِ اسلام کی مشکلات بھی دیکھیں۔ والدہ ماجدہ کے وصال کا غم بھی برداشت کیا، لیکن ان تمام حالات میں آپ کے صبر و استقلال میں کوئی کمی نہ آئی۔ آپ کی زندگی کا یہ پہلو آج کی خواتین کو یہ پیغام دیتا ہے کہ مشکلات و مصائب کے باوجود ایمان، حوصلہ اور اللہ تعالیٰ پر بھروسا برقرار رکھنا ہی ایک مومنہ کی حقیقی قوت ہے۔