سید سیف الدین کی بیوہ کو ملازمت ، ڈبل بیڈ روم مکان کے دستاویز حوالے

   

تین لڑکیوں کیلئے مالی وعدہ کو کے ٹی آر نے اندرون 24 گھنٹے پورا کردیا
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت نے وعدے کے مطابق جئے پور ۔ ممبئی ٹرین میں پیش آئے فائرنگ واقعہ میں شہید ہونے والے سید سیف الدین کی بیوہ انجم شاہین کو سرکاری ملازمت دینے کے احکامات جاری کردئیے ۔ واضح رہے کہ جمعہ کو اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے وزیر بلدی نظم و نسق و بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر نے بیوہ کو سرکاری ملازمت ، ڈبل بیڈ روم مکان کے علاوہ پارٹی سے تین بچوں کو فی کس 2 لاکھ روپئے دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ اسمبلی میں آج کے ٹی آر نے اپنے چیمبر میں شہید سید سیف الدین کی بیوہ انجم شاہین کو ملازمت کے احکامات حوالے کئے۔ انجم شاہین کو قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں ملازمت فراہم کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ ضیا گوڑہ میں ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کرنے پیپرس بھی حوالے کئے ساتھ ہی بی آر ایس پارٹی سے سید سیف کی تین لڑکیوں کے لیے فی کس 2 لاکھ روپئے کے حساب سے 6 لاکھ روپئے کی مالی امداد بھی دی گئی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی ، مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے علاوہ شہید سید سیف الدین کے ارکان خاندان بھی موجود تھے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے بتایا کہ حکومت نے وعدے کے مطابق صرف 24 گھنٹے میں ملازمت ، مالی امداد اور ڈبل بیڈ روم مکان کے دستاویزات حوالے کردئیے ہیں ۔ مجلس کے قائد مقننہ اکبر الدین اویسی نے ان کی نشاندہی پر حکومت کی جانب سے فوری ردعمل کا اظہار کرنے پر اظہار تشکر کیا ۔۔ ن