کانگریس صدور کے انتخاب کی ذمہ داری، ہائی کمان نے پھر ایک بار اعتماد کا اظہار کیا
حیدرآباد ۔ 11 جولائی (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے تلنگانہ کے نوجوان کانگریس قائد و صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کی غیرمعمولی تنظیمی صلاحیتیں اور طویل سیاسی خدمات پر پھر ایک بار اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پڑوسی ریاست کرناٹک میں سنگھٹن سریجن ابھیان کا مبصر نامزد کیا ہے۔ ہائی کمان نے انہیں کرناٹک کے ضلع دھارواڑ اور ہبلی سٹی کانگریس کمیٹیوں کے صدور کا انتخاب کرنے کی اہم ذمہ داری سونپی ہے۔ سید عظمت اللہ حسینی، مقامی قائدین سے مشاورت کے بعد رپورٹ ہائی کمان کو پیش کریں گے۔ سید عظمت اللہ حسینی کو یہ اہم ذمہ داری ان کے گراونڈ لیول کے وسیع سیاسی تجربہ اور طویل تنظیمی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی سے سیاسی کیریئر شروع کرنے والے سید عظمت اللہ حسینی متحدہ آندھراپردیش این ایس آئی یو کے صدر، آل انڈیا یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے علاوہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس سے پہلے بھی کانگریس ہائی کمان نے ان کی تنظیمی مہارت کو دیکھتے ہوئے انہیں ملک کی مختلف اہم ریاستوں جیسے مہاراشٹرا، چھتیس گڑھ، منی پور اور تاملناڈو میں اضلاع و سٹی کانگریس کے صدور کا انتخاب کرنے کیلئے مبصر نامزد کیا تھا۔ ان ریاستوں میں انہوں نے گراونڈ لیول پر پہنچ کر مقامی کانگریس قائدین اور کارکنوں سے شخصی اور گروپ میٹنگس کا انعقاد کرتے ہوئے بغیر کسی تنازعہ کے صدور کے انتخاب میں انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔ سید عظمت اللہ حسینی کی اسی شاندار اور بے داغ تنظیمی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے اب انہیں ریاست کرناٹک کے ایک ضلع اور شہر کے کانگریس صدور کا انتخاب کرنے کیلئے اہم ترین ٹاسک سونپا ہے۔H/2