اسلامک بینکنگ کے ماہر کا حیدرآباد سے تعلق ، عالمی کانفرنس میں ایوارڈ پیش کیا گیا
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) اسلامک بینکنگ کے موضوع پر مالدیپ حکومت کی جانب سے سالانہ عالمی اسلامک فینانس کانفرنس 2024 کا انعقاد عمل میں آیا۔ مالدیپ کے سابق صدر ہز ایکسلینسی محمد وحید حسان اور مالدیپ کے وزیر فینانس محمد شفیق نے کانفرنس میں شرکت کی۔ دنیا بھر کے مختلف مسلم ممالک کے نمائندوں کے علاوہ اسلامک بینکنگ کے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس میں اسلامک بینک آف افغانستان کے چیف بزنس اینڈ انوسٹمنٹ آفیسر جناب سید موسیٰ کلیم الفلاحی کو گلوبل اسلامک فینانس ایوارڈ 2024 (GIFA) سے نوازا گیا۔ مالدیپ کے سابق صدر محمد وحید حسان اور وزیر فینانس ڈاکٹر محمد شفیق نے یہ ایوارڈ پیش کیا۔ سید موسیٰ کلیم الفلاحی کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور وہ سابق سکریٹری آندھرا پردیش لیجسلیچر جناب سید یوسف مرحوم کے فرزند ہیں۔ وہ اسلامک بینک دبئی، اسلامک بینک آف افغانستان اور دبئی کے علاوہ کئی اسلامک بینکنگ کے اداروں میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ افغانستان میں اسلامک بینکنگ کے نظریہ کے فروغ میں انہوں نے نہ صرف اہم رول ادا کیا بلکہ اسلامک بینک آف افغانستان کی نئی شاخوں کے قیام کے ذریعہ بینکنگ کو فروغ دیا۔ عالمی کانفرنس میں جناب سید موسیٰ کلیم کی طویل خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ کیمبرج IFA اور حکومت مالدیپ نے مشترکہ طور پر کانفرنس کا اہتمام کیا۔ جناب سید موسیٰ کلیم نے چھوٹی اور متوسط صنعتوں کے علاوہ ریٹیل شعبہ میں اسلامک پراڈکٹس کے آغاز کے ذریعہ تجارت کو ایک نئی جہت دی ہے۔ کئی ممالک میں اسلامک بینکنگ کے نظریہ کو فروغ دینے میں جناب سید موسیٰ کلیم کی خدمات ایک ماہر بینکر کے طور پر حاصل کی گئیں۔1