نئی دہلی : ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سیسوڈیا جن کے پاس محکمہ آبکاری کا قلمدان بھی ہے، آج سی بی آئی نے شراب پالیسی میں کرپشن کے الزامات پر ان کے گھر چھاپا مارا۔ عام آدمی پارٹی حکومت نے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔ سی بی آئی نے 14 گھنٹے کے چھاپے میں ایک کمپیوٹر اور ایک فون ضبط کیا ہے ، کوئی نقدی برآمد نہیں کی گئی ہے۔ تلاشی کا کام جاری رہنے کی توقع ہے۔
منیش سیسوڈیا کے مکان پر سی بی آئی کا چھاپہ
نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مبینہ ایکسائز پالیسی کے ایک معاملے میں جمعہ کے روز دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسوڈیا کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ سیسوڈیا نے ٹویٹ کے ذریعہ یہ اطلاع دی۔ سیسوڈیا نے جانچ ایجنسی سے مکمل تعاون کا وعدہ کیا تاکہ سچائی کا جلد انکشاف ہوسکے۔ چھاپے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سیسوڈیا نے ہندی میں ٹویٹ کیا کہ سی بی آئی آ گئی ہے ۔ اس کا استقبال ہے ۔ ہم انتہائی ایماندار ہیں۔ لاکھوں بچوں کے مستقبل کی تعمیر میں مصروف ہیں۔ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں اچھے کام کرنے والوں کو اس طرح ہراساں کیا جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارا ملک ابھی تک نمبر ون نہیں بن سکاہے۔سلسلہ وار ٹویٹس میں نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سی بی آئی کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ تحقیقات میں مکمل تعاون کریں گے تاکہ جلد حقیقت سامنے آسکے ۔ اب تک میرے خلاف کئی مقدمات درج ہوچکے ہیں لیکن کچھ ہاتھ نہیں آیا۔ اس سے کچھ نہیں نکلے گا۔ ملک میں اچھی تعلیم کے لیے میرے مشن کو نہیں روکا جا سکتا ہے ۔