ممبئی :معروف اداکار سیف علی خان پر دیر شب ہوئے قاتلانہ حملہ پر ایک ہنگامہ برپا ہے۔ ایک طرف سیف علی خان آپریشن کے بعد آئی سی یو میں منتقل کر دیے گئے ہیں اور دوسری طرف ممبئی پولیس سرگرمی کے ساتھ حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔ اس معاملے میں کسی کی گرفتاری تو نہیں ہوئی ہے لیکن ملزم کی ایک تصویر ضرور سامنے آئی ہے جو پولیس کی ایک بڑی کامیابی کہی جا سکتی ہے۔چوری کے ارادہ سے وہ شخص سیف علی خان کے گھر میں گھسا تھا۔ جب اس کا سیف علی خان سے سامنا ہوا اور سیف نے مزاحمت کی تو وہ چاقو سے حملہ کرنے لگا۔ اب ملزم کی جو پہلی تصویر سامنے آئی ہے اس میں وہ سیڑھیوں سے نیچے اترتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کی تصویر سیڑھیوں پر لگے سی سی ٹی وی میں قید ہو گئی ہے۔ اس تصویر کی بنیاد پر ہی حملہ آور کی تلاش شروع ہو گئی ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور پیٹھ پر ایک بیاگ ٹانگے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔ یہ فوٹیج دیر رات کا ہے۔ اس فوٹیج کو سامنے رکھ کر پولیس نے کچھ اہم جانکاریاں حاصل کر لی ہیں۔ پولیس نے ملزم کی شناخت بھی کر لی ہے اور اس کے گھر کا بھی پتہ لگا لیا ہے۔ پولیس اس کے گھر گئی بھی تھی لیکن وہ گھر پر موجود نہیں تھا۔ پولیس زور و شور کے ساتھ حملہ آور کی تلاش کر رہی ہے۔امکان ہے کہ جلد ہی اس کو گرفتارکرلیا جائے گا۔ پولیس کی خصوصی ٹیمیں سیف علی خان پر ہوئے اس حملہ کی جانچ کر رہی ہیں۔ سیف علی خان کے گھر انکاؤنٹر اسپیشلسٹ دیا نایک بھی پہنچے ہیں جنھوں نے واقعہ سے متعلق وسیع جانچ کی۔ دیا نایک ممبئی انڈرورلڈ سے نمٹنے میں اپنے کردار کیلئے مشہور ہیں۔ مبینہ طور پر دیا نے اپنے کیریئر میں تقریباً 80 انکاؤنٹرس کئے ہیں۔یہ بھی اطلاع ہے کہ اس نے سیف کے بیٹے سے ایک کرو ڑ روپئے کا مطالبہ کیا۔