سیلاب زدگان کی مدد کرنے کانگریسیوں کی راہول کی ہدایت

,

   

نئی دہلی 8 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قائد راہول گاندھی نے جمعرات کے دن اظہار تشویش کیاکہ بعض ریاستوں میں سیلاب کی صورتحال ہے اور پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ متاثرہ افراد کی مدد کریں۔ کیرالا، کرناٹک، مہاراشٹرا، گجرات، اڈیشہ، آسام اور بہار میں سیلاب کی صورتحال سنگین ہے۔ لاکھوں شہری بے گھر ہوچکے ہیں یا پھنسے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ کانگریس پارٹی کارکنوں سے گزارش کرتے ہیں کہ متاثرہ ریاستوں کو مدد کے لئے ہر ضروری کوشش کرنی چاہئے۔ میں درخواست کرتا ہوں کہ سیلاب کا پانی اُترنے تک ایسا کیا جائے۔ اُنھوں نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیاکہ آج 9 افراد کے غرق ہوجانے کی اطلاع ہے جبکہ ایک بچاؤ کشتی اُلٹ گئی تھی حالانکہ ریڈ الرٹ 4 کیرالا کے اضلاع کے لئے جاری کیا گیا تھا جہاں زبردست بارش ہورہی ہے۔ تیز رفتار آندھی آرہی ہے اور وسیع پیمانے پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ کئی علاقوں میں تباہی پھیل گئی ہے۔ چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے ایک فضائی سروے کرتے ہوئے سانگلی اور کولہاپور میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا کیوں کہ یہ علاقے سیلاب سے بدترین متاثرہ علاقے ہیں اور اِس علاقہ میں زبردست بارش جاری ہے۔ دریائے کرشنا اور پنچ گنگا ریاست میں بہتی ہیں۔ کیرالا میں سطح آب میں بیشتر دریاؤں اور ذخائر آب میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کنور، وایاناڈ، ایڈوگی، ملاپورم، کوزی کوڈ اور کاسر گوڑ اضلاع کو سیلاب جیسی صورتحال کا سامنا ہے۔