وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس، جانی اور مالی نقصانات روکنے کا مشورہ، نشیبی علاقوں سے عوام کا تخلیہ
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شدید بارش کے سبب سیلاب کی صورتحال کا سامنا کرنے والے اضلاع میں جنگی خطوط پر بچاؤ راحت کے کام انجام دینے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے آج ریاستی وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور بچاؤ راحت کے کاموں کی تفصیلات حاصل کیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء سریدھر بابو اور سیتکا کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے متاثرہ اضلاع میں ضلع نظم و نسق کو چوکس کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ فوری طور پر امدادی کام شروع کئے جائیں تاکہ سیلاب کے متاثرہ خاندانوں کی مدد ہوسکے۔ چیف منسٹر نے محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق کاما ریڈی ، میدک ، کریم نگر کے علاوہ دیگر اضلاع میں بھی ضلع کلکٹرس کو چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات کو باہمی تال میل کے ذریعہ سیلاب کی صورت میں ہنگامی منصوبہ تیار رکھنا چاہئے ۔ آئندہ دو دنوں تک بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے تالابوں اور ذخائر آب کی سطح پر نظر رکھی جائے تاکہ بارش میں اضافہ کے سبب نشیبی علاقوں میں پانی داخل نہ ہونے پائیں۔ چیف منسٹر نے نشیبی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ایسے علاقے جہاں عوام ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں ، انہیں بحفاظت نکالنے کیلئے بچاؤ ٹیموں کو روانہ کیا جائے۔ عہدیداروں نے کاما ریڈی ، میدک ، عادل آباد اور نرمل میں بارش کی صورتحال سے واقف کرایا اور کہا کہ کئی مواضعات کا دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے ۔ سڑکوں کو نقصان اور قومی و ریاستی شاہراہوں پر پانی کے بہاؤ کے سبب ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ٹریفک کی بحالی کے اقدامات کریں۔ چیف منسٹر نے متاثرہ اضلاع کے دورہ کے بعد راحت کے کاموں کیلئے فنڈس کی اجرائی کا تیقن دیا ۔ ضلع کلکٹرس سے کہا گیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں درکار فنڈس کا ہنگامی طور پر استعمال کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کسی بھی ضلع میں جانی اور مالی نقصانات کو روکنے کیلئے ہر طرح کے قدم اٹھائے جائیں۔ مرکزی ، ریاستی حکومت کے ادارے بچاؤ کاموں میں مصروف ہیں۔ چیف منسٹر نے متاثرہ خاندانوں کو اشیائے ضروریہ کی سربراہی کی ہدایت دی ۔ محکمہ موسمیات نے کاما ریڈی ، نرمل ، نظام آباد ، میدک اور سدی پیٹ میں بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے ۔ ان اضلاع کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ۔ عادل آباد ، منچریال ، آصف آباد ، بھونگیر ، کریم نگر اور ورنگل اضلاع کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں ہلکی بارش کا امکان ہے ۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع کلکٹرس سے ربط میں رہیں اور بچاؤ اور امدادی کاموں کا وقفہ وقفہ سے جائزہ لیں۔1