ماویسٹ پارٹی کے مکتوب سے سیاسی حلقوں میں ہلچل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : سرکاری پشت پناہی سے ظلم و زیادتی کا شکار عوام اور پولیس ظلم و نا انصافی کے خلاف آواز بلند کرنے والی ماویسٹ پارٹی نے سیلاب متاثرین کے لیے بھی اپنی آواز کو بلند کیا ہے ۔ گذشتہ ماہ موسلادھار بارش اور سیلاب سے تباہی کا شکار خاندانوں جن میں مسلم خاندان بھی شامل ہیں ۔ ماویسٹوں نے انہیں فوری معاوضہ ادا کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ پریشانی میں عوام کو راحت فراہم کرنے اور انہیں سہارا دینے میں بی آر ایس حکومت پر ناکامی کا الزام لگاتے ہوئے ماویسٹوں نے ایک پیغام جاری کیا ہے ۔ یاد رہے کہ پراجکٹ نگر میں ایک مسلم خاتون اور اس کے دو کمسن بچے پانی میں بہہ کر ہلاک ہوگئے تھے ۔ ماویسٹوں نے اس خاندان کی فوری مدد کا مطالبہ کیا ہے اور فی کس خاندان 10 لاکھ روپئے جاری کرنے اور کسانوں کو فی ایکڑ 50 ہزار روپئے معاوضہ کی مانگ کی ہے ۔ کسانوں اور پریشان حال خاندانوں بالخصوص مسلم خاندان کی مدد کے لیے ماویسٹوں کا مطالبہ نئی بحث کا سبب بن گیا ہے ۔ ماویسٹ (JMWP) ڈیویژن کمیٹی کی جانب سے ایک پیغام کو ریاستی حکومت کے نام جاری کیا گیا ہے ۔ ماویسٹوں نے اپنے پیغام میں خاص کر 27 جولائی کا تذکرہ کیا ہے ۔ بھوپال پلی ملگ اضلاع میں کافی تباہی ہوئی ہے ۔ شدید بارش کے سبب ان اضلاع میں ندی ، تالاب اور پراجکٹ تباہی کا شکار ہوئے اور سیلاب کا سبب بن گیا ۔ کئی علاقہ پانی کی زد میں تھے اور ان کی سرکاری طور پر کوئی مدد نہیں کی گئی ۔ جان ہتھیلی میں لے کر ساز و سامان اور مکانات چھوڑ کر عوام بے یار و مددگار اپنی جانوں کو بچانے ایک مقام سے دوسرے مقام پر چلے گئے ۔ اس دوران کونڈائی پلی میں 8 ، مارنچاپلی میں 4 ، پراجکٹ نگر میں تین جن میں مسلم خاتون اپنے دو کمسن بچوں کے ساتھ بہہ گئی ۔ بورگو یٹپا میں ایک ہی خاندان کے تین افراد اس طرح کئی اموات کو تو حکومت کو بھی پتہ نہیں ۔ ایسے خاندانوں کے لیے ماویسٹوں نے اپنے خط میں فوری امداد کا مطالبہ کیا ۔ اور تباہ شدہ سڑکوں ، تالابوں ، نالوں اور پراجکٹوں کی فوری مرمت کے اقدامات پر زور دیا ہے ۔ اس کے علاوہ ماویسٹوں نے بارش اور تبدیلی موسم کے سبب بیماریوں کا شکار عوام کی صحت پر فوری توجہ مرکوز کرنے اور وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کے تدارک کے لیے موثر اقدامات کا ماویسٹوں نے حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔۔ ع