پیر تک تفصیلی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں راحت اور بازآبادکاری کے کاموں کے سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ امدادی کاموں کے مسئلہ پر آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ حکومت نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کی تفصیلات پیش کرنے کیلئے عدالت سے مزید دو دن کا وقت مانگا ہے ۔ درخواست گزار نے عدالت سے خواہش کی کہ متاثرین کو فوری معاوضہ کی ادائیگی اور بازآبادکاری کیلئے حکومت کو ہدایت دی جائے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد احکامات جاری کئے جائیں گے۔ ہائی کورٹ نے اس مسئلہ پر آئندہ سماعت 7 اگست کو مقرر کی ہے۔ عدالت نے حکومت کی جانب سے پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے حکومت سے سوال کیا کہ امدادی کاموں کے بارے میں رپورٹ کی پیشکشی میں تاخیر کیوں ہوئی ہے۔ چیف جسٹس نے پیر تک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے حکومت کو ہدایت دی۔