سیلف ہیلپ گروپس کی پیداواری اشیاء کی فروخت کیلئے خانگی کمپنی سے معاہدہ

   


ریاستی وزیر دیاکر راؤ نے 200 کروڑ کا نشانہ مقرر کیا
حیدرآباد۔/20 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے تیار کی جانے والی اشیاء کی موثر مارکیٹنگ کیلئے حکومت نے خانگی ادارہ کے ساتھ یادداشت مفاہمت کی ہے۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ کی موجودگی میں غربت کے خاتمہ سے متعلق حکومت کے ادارہ اور پلانٹ لپٹز نامی ادارہ کے درمیان یادداشت مفاہمت ہوئی۔ ادارہ کے سی ای او سندیپ کمار سلطانیہ اور کمپنی کے منیجنگ ڈائرکٹر کے درمیان یہ معاہدہ ہوا۔ اس معاہدہ کے تحت جاریہ سال 200 کروڑ کی تجارت کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ای کامرس سے متعلق ادارہ سے معاہدہ کا مقصد خواتین کے گروپس کی پیداواری اشیاء کی فروخت کو آسان بنانا ہے۔ سیلف ہیلپ گروپس کی جانب سے ریاست میں کئی ضروری اشیاء تیار کی جاتی ہیں جس کی مارکیٹنگ کی ذمہ داری حکومت نے قبول کی ہے۔ سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ نے بتایا کہ کمپنی سے مارکیٹنگ کے سلسلہ میں یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔ وزیر پنچایت راج نے کہا کہ کسانوں کی پیداوار کو خریدنے سے خانگی کمپنی نے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدہ کے نتیجہ میں سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ خواتین کو قابل لحاظ آمدنی ہوگی۔ جاریہ سال 200 کروڑ کے کاروبار کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔دیاکر راؤ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس کو ہر ممکن مدد دی جارہی ہے اور زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کرنے والی تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے۔ کھمم ضلع میں سیلف ہیلپ گروپس نے 40 کروڑ کا کاروبار کیا جس کے نتیجہ میں 92 لاکھ روپئے کا فائدہ ہوا ہے۔ آئندہ سال جون سے 6 اضلاع میں تجارت کا تجرباتی طور پر آغاز ہوگا۔ر