سیل فون سرقہ کرنے والی ٹولی بے نقاب ، ایک سارق گرفتار

   

اسپیشل آپریشن ٹیم مادھا پور زون اور رائے درگم کی کارروائی ، ڈی سی پی
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : اسپیشل آپریشن ٹیم مادھا پور زون اور رائے درگم پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سیل فون سرقہ کرنے والی ایک ٹولی کا پردہ فاش کردیا اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس مادھا پور زون پولیس مسٹر جی سندیپ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 54 سالہ ملزم کراڈی رامنجی ساکن ایل بی نگر متوطن کڑپہ کو گرفتار کرلیا ۔ ایک اطلاع پر کار کا تعاقب کرتے ہوئے پولیس نے رامنجی کو حراست میں لیا اور کار کی تلاشی کے بعد اسے گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ رامنجی کی کار سے 563 موبائل فون اور تین لاکھ روپئے نقد رقم ملزم کے دو سیل فون اور ایک کار کو ضبط کرلیا ۔ جس کی مالیت ایک کروڑ 92 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ رامنجی کم قیمت میں مسروقہ موبائل فون خریدا کرتا تھا اور انہیں فروخت کرتا تھا ۔ پڑوسی ریاستوں سے مسروقہ موبائل کو خریدنا اس کا پیشہ بن گیا تھا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ آکاش اور سنی جن کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے اور ومشی ساکن کرناٹک سے رامنجی موبائل فونس خریدا کرتا تھا اور ان موبائل فونس کو حیدرآباد کے ساکنان آصف اور ارشد کو فروخت کرتا تھا جو مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ رامنجی سابق میں آر ٹی سی کنڈاکٹر تھا جو فلک نما ڈپو میں سال 1995 تا سال 2005 تک خدمات انجام دے چکا ہے اور شاہ میر پیٹ پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی میں سال 2016 میں جیل جاچکا تھا ۔ باوجود اس نے جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ کاروبار شروع کردیا تھا اور پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔۔ ع