حیدرآباد میں سی ایم پی ٹکنالوجی کا آغاز، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو کی شرکت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے سیمی کنڈکٹر کے شعبہ میں جاپانی کمپنیوں کے اشتراک کا خیرمقدم کیا ہے۔ حیدرآباد کے ٹی ورکس میں جاپان کی کمپنی ٹو ہو کوکی سیسا کوشو نے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے جو سیمی کنڈکٹر کے شعبہ میں تلنگانہ سے اشتراک کرے گی۔ سریدھر بابو نے کہا کہ ہندوستانی کمپنیوں اور ریسرچرس کے لئے عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر کی سربراہی کے معاملہ میں پیشرفت ہوگی۔ سریدھر بابو نے ٹی ورکس اور جاپانی کمپنی کے درمیان اشتراک کا خیرمقدم کیا جس کے تحت حیدرآباد میں ہندوستان کا پہلا کیمیکل میکانیکل پالیشنگ پیاڈ ٹکنالوجی ہب قائم کیا جائے گا۔ یہ مرکز ابتداء میں 8 کروڑ کی سرمایہ کاری سے شروع ہوگا جہاں تلنگانہ حکومت کے مختلف اداروں کے ساتھ اشتراک شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور ریسرچرس کو اسٹارٹ اپس کے قیام کے لئے ایک منفرد پلیٹ فارم فراہم ہوگا۔ انہوں نے ہندوستان کے سیمی کنڈکٹر مشن کے فروغ میں جاپانی اداروں کے تعاون کو اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ادارے مشترکہ مساعی سے 18 تا 24 ماہ میں مینوفیکچرنگ کی آغاز کریں گے۔ ہندوستان کی چھوٹی اور اوسط صنعتوں اور حکومت کے عہدیداروں کو جاپان میں سیمی کنڈکٹر نیٹ ورک کا معائنہ کرایا جائے گا۔ جاپانی کمپنی توہو کوکی کے گلوبل بزنس ہیڈ تاکوا نشی مورا نے ٹی ورکس کے ساتھ تعاون پر خوشنودی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم پی پیاڈ ٹکنالوجی سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ میں اہم رول ادا کرتی ہے۔ ٹی ورکس کے سی ای او ٹی جوگیندر نے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے۔1