سری نگر۔ پی ڈی پی کے سینئر لیڈر اور سابق ڈپٹی اسپیکر سرتاج مدنی کو ہفتے کے روز پولیس حراست سے رہا کیا گیا۔ بتادیں کہ حکومت کا یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب مرکزی حکومت جموں وکشمیر کی سیاسی جماعتوں کو ایک میٹنگ میں شرکت کرنے کے لئے دلی آنے کی دعوت دے رہی ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سرتاج مدنی جو پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے قریبی رشتہ دار ہیں، کو ہفتے کے روز رہا کیا گیا۔ مسٹر مدنی کو بھی پانچ اگست 2019 کو جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں واقع اپنی رہائش گاہ پر نظر بند کیا گیا تھا۔ بعد ازاں انہیں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنوکیشن سینٹر( ایس کے آئی سی سی) سری نگر منتقل کیا گیا تھا۔ مدنی کو سال گذشتہ 5 فروری کو ایس کے آئی سی سی سے گپکار میں واقع گیسٹ ہاؤس منتقل کیا گیا تھا۔