سینکڑوںمزدور بہادر پورہ علاقہ میں جمع ہوگئے

   

آبائی مقامات بھیجنے پر اصرار ۔ پولیس نے شمس آباد منتقل کیا
حیدرآباد۔4 مئی (سیاست نیوز) بہادر پورہ میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب سینکڑوں مزدور سڑکوں پر نکل آئے اور آبائی مقامات کو منتقل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ لاک ڈائون کے دوران مزدوروں کی آمد سے حیدرآباد و سائبرآباد پولیس چوکس ہوگئی اور بھاری فورس کو تعینات کردیا گیا۔ مزدور جن کا تعلق چھتیس گرھ، جھارکھنڈ، بہار اور اوڈیشہ سے بتایا گیا ہے، اپنے سروں پر سامان لادے نکل پڑے۔ پولیس نے انہیں زوپارک کے قریب روک لیا۔ اطلاع کے ساتھ ہی ڈی سی پی شمس آباد پرکاش ریڈی پولیس کی جاری جمعیت کے ساتھ پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہیکہ ایک ہزار سے زائد مزدور شمس آباد ایل اینڈ ٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ پولیس نے بات چیت کے بعد انہیں سہولیات کا تیقن دیا اور آر ٹی سی بسوں سے انہیں عارضی مقامات پر شمس آباد منتقل کیا اور مائیگرینٹ لیبر کے تعلق سے پولیس نے سخت چوکسی اختیار کی۔