سیوان میں 20لوگوں کی مشتبہ حالت میں موت

   

سیوان: بہار کے سیوان ضلع کے بھگوان پور ہاٹ بلاک کے ماگھر اور کاوڈیا پنچایت میں مشتبہ حالات میں 20 لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔ضلع تعلقات عامہ کے افسر کنہیا کمار نے آج یہاں بتایا کہ مگہر اور کاوڈیا پنچایت میں اب تک 20 لوگوں کی مشتبہ حالات میں موت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 63 بیمار افراد کو سیوان صدر اسپتال، بسنت پور پرائمری ہیلتھ سینٹر اور شدید بیماروں کو پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال (پی ایم سی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے ۔ 20 افراد کا پوسٹ مارٹم کر کے لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ بیمار افراد میں سے 13 شدید بیمار افراد کو پی ایم سی ایچ ریفر کیا گیا۔ اب تک مجموعی طور پر 30 افراد کا کامیاب علاج کرکے انہیں اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے اور ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا ہے ۔ ضلع افسر مکل کمار گپتا نے کہا کہ اس واقعہ کے سلسلے میں پانچ سینئر ڈاکٹروں کا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے ۔ سیوان صدر اسپتال میں 30 بستر، سی ایچ سی بسنت پور میں 20 بستر اور سب ڈویژن اسپتال مہاراج گنج میں 30 بستر بیمار افراد کے علاج کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔