سیول سرویسس کوچنگ ‘اقلیتی امیدواروں کا آج اسکریننگ ٹسٹ

   

حیدرآباد۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے 100 اقلیتی امیدواروں کو خانگی کوچنگ مراکز میں سیول سرویسس کوچنگ کیلئے اسکریننگ ٹسٹ پیر 2 نومبر کو منعقد ہوگا۔ میناریٹز اسٹڈی سرکل نے سابق میں جن امتحانی مراکز کی نشاندہی کی تھی ان پر صبح 10 تا دوپہر 12 بجے ٹسٹ ہوگا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ امیدواروں کو 90 منٹ قبل امتحانی مراکز پہنچنا ہوگا تاکہ کوویڈ 19 قواعد کے مطابق ضروری اُمور کی تکمیل ہوسکے۔ ماسک کے بغیر کسی امیدوار کو داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی۔ 10 بجے کے بعد کسی امیدوار کا داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔ امیدواروں کو امتحانی مراکز و قواعد کے سلسلہ میں پہلے ہی آگاہ کردیا گیا ہے۔ اسکریننگ ٹسٹ 23 اکٹوبر کو مقرر تھا جسے بارش کے نتیجہ میں 2 نومبر تک ملتوی کیا گیا۔ اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ 100 امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں خانگی کوچنگ سنٹرس میں داخلہ دلایا جائے گا اور کوچنگ کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔