اقلیتی امیدواروں کیلئے گروپ III امتحانات کی کوچنگ کا فیصلہ
حیدرآباد۔/3 اگسٹ ،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی امیدواروں کو سیول سرویسس امتحانات کی کوچنگ کے سلسلہ میں آن لائن درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں 13 اگسٹ تک توسیع کی گئی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کی جانب سے 100 اقلیتی امیدواروں کو نامور کوچنگ اداروں میں مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ ابتداء میں 23 جولائی مقرر کی گئی تھی تاہم اس میں 31 اگسٹ تک توسیع کی گئی ہے۔ امیدواروں کا انتخاب اسکریننگ ٹسٹ کے ذریعہ کیا جائے گا جو 30 اگسٹ کو صبح 10 تا 12 بجے تمام ضلع ہیڈ کوارٹرس میں واقع اقلیتی اقامتی اسکولس میں منعقد ہوگا۔ امیدواروں کے انتخاب میں خواتین کیلئے 33.33 فیصد اور جسمانی معذورین کیلئے 5 فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ امیدواروں کے والدین یا سرپرستوں کی سالانہ آمدنی شہری علاقوں میں 2 لاکھ اور دیہی علاقوں میں ڈھائی لاکھ ہونی چاہیئے۔ اقلیتی طبقات مسلمان، عیسائی، سکھ، جین، بودھ اور پارسی طبقات کے امیدوار ویب سائیٹ www.cet.cgg.gov.in/tmreis پر آن لائن درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات کیلئے دفتر ڈسٹرکٹ میناریٹیز ویلفیر آفیسر حیدرآباد پر فون نمبر 04023236112 پر ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔ اسی دوران اقلیتی طلباء و طالبات کو گروپ III امتحانات کی مفت کوچنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ 60 روزہ تربیتی پروگرام کیلئے درخواستیں 6 اگسٹ تک آن لائن داخل کی جاسکتی ہیں۔ امیدوار اپنی درخواستیں مکمل تفصیلات کے ساتھ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس میں داخل کرسکتے ہیں۔
