نئی دہلی : مرکز نے سپریم کورٹ سے کہا کہ وہ کوروناوائرس صورتحال کے باعث گذشتہ سال یوپی ایس سی امتحانات میں حصہ نہ لینے والوں کو دوبارہ موقع دینا نہیں چاہتی۔ سیول سرویس امتحان لکھنے کے خواہاں طلبہ کو ایک اور موقع دینے کے حق میں حکومت نہیں ہے۔ جسٹس اے ایم کھانولکر کی زیرقیادت بنچ نے ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل ایس وی راجو کی جانب سے داخل کردہ رپورٹ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت سیول سرویس کے امیدواروں کو دوبارہ موقع دینا نہیں چاہتی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حلف نامہ داخل کرنے کیلئے مہلت طلب کی ہے۔ جسٹس وی آر گاوی اور کرشنا مورائی پر مشتمل بنچ سے بھی لا آفیسر نے کہا کہ کل رات بھی ہمیں ہدایت موصول ہوئی ہیکہ ہم اس تجویز سے متفق نہیں ہیں۔ بنچ نے اب اس کیس کی سماعت 25 جنوری کو مقرر کی ہے۔ سیول سرویس امیدوارہ رچنا کی داخل کردہ درخواست پر سماعت ہوگی۔