سیول سرویس کوچنگ کیلئے اقلیتی امیدواروں کا کل اسکریننگ ٹسٹ

   

700 سے زائد درخواستیں، میرٹ کی بنیاد پر 100 کا انتخاب کیا جائے گا
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے سیول سرویس امتحانات کی کوچنگ کے سلسلہ میں 700 اقلیتی امیدواروں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ تلنگانہ میناریٹیز اسٹیڈی سرکل اور کیریئر کونسلنگ سنٹر کی جانب سے ہر سال 100 اقلیتی امیدواروں کو خانگی کوچنگ سنٹرس میں سیول سرویس کی کوچنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے جس کے اخراجات حکومت برداشت کرتی ہے۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کے CSAT-2022 کوچنگ کے سلسلہ میں گزشتہ سال کے مقابلہ کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم نے بتایا کہ 100 امیدواروں کے انتخاب کے لئے 26 ستمبر کو اسکریننگ ٹسٹ منعقد کیا جارہا ہے ۔ یہ ٹسٹ اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے حیدرآباد اور اضلاع میں موجود ہیڈکوارٹرس پر منعقد ہوگا۔ 37 مراکز پر اسکریننگ ٹسٹ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹسٹ صبح 10 تا 12 بجے مقرر ہے۔ امتحانات کا نصاب قومی اور بین الاقوامی اہم واقعات ، ہندوستان کی تاریخ ، قومی تحریکات ، سیاست ، معیشت اور سماجی امور پر مشتمل رہے گا ۔ ماحولیاتی تبدیلی ، جنرل سائنس ، انگلش اور بائیو ڈائیورسٹی سے متعلق سوالات بھی شامل رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ، سکھ ، عیسائی ، جین ، بدھسٹ اور پارسی طبقات کے امیدواروں میں سے خالص میرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا جائے گا ۔ یکم اکتوبر کو نتائج کا اعلان ہوگا اور 4 اکتوبر کو کونسلنگ و سرٹیفکٹس کی جانچ ہوگی۔ شاہنواز قاسم کے مطابق کورونا وباء کے پیش نظر پبلک سرویس کمیشن کے پریلمس امتحانات جون کے بجائے اکتوبر میں منعقد ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں خانگی کوچنگ سنٹرس نے اکتوبر سے نئے بیاچ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال 1200 سے زائد طلبہ نے اسکریننگ ٹسٹ میں حصہ لیا تھا ۔ حکومت کی جانب سے ہر امیدوار پر کوچنگ کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ یہ رقم راست طور پر کوچنگ سنٹرس کو منتقل کی جاتی ہے ۔ شہر کے امیدواروں کو ماہانہ 5000 روپئے اور اضلاع کے امیدواروں کو ماہانہ 2500 روپئے اسٹائفنڈ دیا جائے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ کوچنگ حاصل کرنے والے طلبہ سیول سرویس میں منتخب ہوں گے۔ ر