سیول سرویس کوچنگ کیلئے اقلیتی امیدواروں کا اسکریننگ ٹسٹ

   

یکم اکٹوبر کو نتائج کی اجرائی، 4 اکٹوبر کو کونسلنگ
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کے تلنگانہ میناریٹیز اسٹڈی سرکل کے زیر اہتمام اقلیتی امیدواروں کیلئے اسکریننگ ٹسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ 100 اقلیتی امیدواروں کو ہر سال سیول سرویسس کی کوچنگ فراہم کی جاتی ہے اور اسکریننگ ٹسٹ کے نتائج کی بنیاد پر ٹاپ 100 امیدواروں کا انتخاب کرتے ہوئے انہیں نامور خانگی کوچنگ سنٹرس کو روانہ کیا جاتا ہے۔ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بھی اسکریننگ ٹسٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں تقریباً 700 امیدواروں نے حصہ لیا۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ( آئی پی ایس) اور حکومت کے مشیر اے کے خاں نے خیریت آباد اور دیگر مراکز کا دورہ کرتے ہوئے امیدواروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے والدین اور سرپرستوں سے ملاقات کرتے ہوئے سیول سرویسس میں منتخب ہونے کیلئے حوصلہ افزائی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے نتیجہ میں طلبہ اپنی کوچنگ پر توجہ مبذول کرتے ہیں۔ اسکریننگ ٹسٹ کے نتائج کا یکم اکٹوبر کو اعلان کیا جائے گا اور منتخب 100 امیدواروں کے سرٹیفکیٹس کی جانچ 4 اکٹوبر کو ہوگی۔ حکومت نے خانگی کوچنگ سنٹرس کے انتخاب کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے اور کمیٹی نے 7 ٹاپ کوچنگ سنٹرس کا انتخاب کیا ہے۔ ہر طالب علم کو کوچنگ کیلئے ایک لاکھ 40 ہزار روپئے تک حکومت کی جانب سے راست طور پر کوچنگ سنٹر کے حوالے کئے جاتے ہیں۔ منتخب امیدواروں کو اختیار ہوتا ہے کہ وہ اپنی پسند کے سنٹر کا انتخاب کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلہ اس مرتبہ اسکریننگ ٹسٹ میں حصہ لینے والے طلبہ کا معیار مزید بہتر ہے اور ان میں سیول سرویس کیلئے منتخب ہونے کا جذبہ موجود ہے۔اے کے خاں نے کہاکہ 10 لاکھ امیدوار سیول سرویس امتحان میں شرکت کرتے ہیں اور ان میں سے تقریباً 800 کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ جاریہ سال 761 منتخب امیدواروں میں 28 مسلمان ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کی نمائندگی میں مزید اضافہ کیلئے طلبہ کی بہتر رہنمائی و حوصلہ افزائی کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیول سرویسس کوچنگ اسکیم کو مزید بہتر بنانے پر غور کیا جارہاہے۔ر