سیٹوں کی تقسیم پر کانگریس کیساتھ بات چیت جاری : فاروق عبداللہ

   

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی انڈیا الائنس کے ایک حصے کے طور پر لوک سبھا انتخابات لڑے گی۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ جموں و کشمیر میں سیٹوں کی تقسیم پر کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ ملک کو تباہ ہونے سے بچانے کے لئے انڈیا الائنس کو مضبوط بنانا ضروری ہے ۔موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘اگر انڈیا الائنس کو مضبوط نہیں کیا گیا تو ہم خود ملک کو مشکل میں ڈالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے حوالے سے بات چیت جاری ہے اور کچھ دنوں کے اندر ہی لوگوں کو اس کے متعلق لئے جانے والے فیصلے کے بارے میں مطلع کیا جائے گا۔موصوف صدر نے کہا: ‘اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ہمیں کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنا ہے ، عمر صاحب کانگریس کے ساتھ رابطے میں ہیں اور آنے والے کچھ دنوں کے اندر ہی فیصلہ لئے جانے کا امکان ہے ۔