حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے مکتوب حوالہ کیا جس میں ریونت ریڈی کے حامیوں کی جانب سے دھمکیوں کے پیش نظر سیکوریٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر کے عہدہ پر ریونت ریڈی کے تقرر کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے بیان دیا تھا جس کے بعد انہیں مسلسل دھمکیاں وصول ہورہی ہیں۔ ہنمنت راؤ نے ٹیلیفون نمبرات کی تفصیلات پولیس کے حوالہ کی اور کہا کہ ریونت ریڈی کے حامی انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ سابق میں وہ کانگریس کی موجودہ صورتحال کے بارے میں ہمیشہ ہائی کمان کو واقف کرتے رہے ہیں۔ 42 سالہ سیاسی کیریئر میں پہلی مرتبہ انہیں دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے اپیل کی کہ انہیں مناسب سیکوریٹی فراہم کریں۔ ہنمنت راؤ نے صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے موصول ہونے والی دھمکیوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں مخالفت کرنے والوں کو دھمکیوں کا نیا رجحان پیدا ہوا ہے جو افسوسناک ہے ۔ اتم کمار ریڈی سے خواہش کی گئی کہ وہ پارٹی ہائی کمان کو صورتحال سے آگاہ کریں۔