سیکوریٹی کے منع کرنے کے باوجود چندرا بابو نائیڈو کا متاثرہ علاقوں میں دورہ

   

کشتی میں سفر، متاثرین کو امداد کا تیقن، آندھرا پردیش کے بھی تعلیمی اداروں کو آج تعطیل
حیدرآباد۔یکم؍ ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں گذشتہ دو دنوں سے موسلا دھار بارش کے سبب کئی علاقوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج سیکوریٹی حکام کے منع کرنے کے باوجود وجئے واڑہ کے متاثرہ علاقوںکا دورہ کیا اور بچاؤ اور امدادی کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کی۔ چندرا بابو نائیڈو کو سیکوریٹی حکام نے وجئے واڑہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کی اجازت نہیں دی کیونکہ کئی آبادیاں پانی میں محصور ہوچکی ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے کشتی کے ذریعہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت ہر متاثرہ خاندان کی مدد کرے گی۔ چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں کل 2 ستمبر کو ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی تعلیمی اداروں کو تعطیل کا اعلان کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ وجئے واڑہ میں گذشتہ 50 برسوں میں پہلی مرتبہ اس قدر بارش ہوئی ہے اور سیلاب کی صورتحال پیدا ہوئی۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی اور چوکسی کا مشورہ دیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کشتی میں سفر کرتے ہوئے وجئے واڑہ سنگھ نگر اور اطراف کے علاقوں کا جائزہ لیا اور وہاں موجود پانی میں گھرے ہوئے خاندانوں کو حکومت کی جانب سے امداد کا تیقن دیا۔ انہوں نے متاثرین کو محفوظ مقامات منتقل کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جانی نقصانات کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں۔چندرابابو نائیڈو نے متاثرین کے دکھ درد کو انتہائی قریب سے دیکھا اور کہا کہ انہیں حکومت پر مکمل بھروسہ کرنا چاہیئے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں بارش سے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے متاثرہ خاندانوں میں 25 کیلو چاول کی تقسیم کی ہدایت دی۔ انہوں نے مچھیروں کے متاثرہ خاندانوں کیلئے 50 کیلو چاول کا اعلان کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں بچاؤ اور امدادی کاموں کی شخصی طور پر نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر متوقع موسلا دھار بارش نے ریاست کے تقریباً تمام اضلاع کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ چیف منسٹر نے دریاؤں کی سطح میں اضافہ پر نظر رکھنے کی ہدایت دی۔1