سیکولر و جمہوری طاقتوں کے اتحاد کے ذریعہ بی جے پی کو شکست ممکن

   

سی پی آئی رکن پارلیمنٹ بنوئے وشوم کا یقین، مودی حکومت کے خلاف 14اپریل سے ملک گیر مہم
حیدرآباد۔ /5اپریل، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے رکن پارلیمنٹ اور قومی سکریٹری بنوئے وشوم نے کہا کہ ملک میں جمہوری اور سیکولر اقدار کو تباہ کرنے کیلئے مرکز کی نریندر مودی حکومت سازش کررہی ہے اور عوام کو اسے بیدخل کرنا چاہیئے۔ بنوئے وشوم نے کہا کہ مودی حکومت کو مخالف عوام پالیسیوں کے نتیجہ میں اقتدار میں برقرار رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ حیدرآباد میں پارٹی کے قومی سکریٹری عزیز پاشاہ اور سکریٹریٹ ارکان پی پدما اور ای ٹی نرسمہا کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بنوئے وشوم نے کہا کہ 2024 لوک سبھا انتخابات میں سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلئے بائیں بازو جماعتیں مساعی کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکولر اور بائیں بازو جماعتوں کے اتحاد کے ذریعہ ہی بی جے پی کو شکست دی جاسکتی ہے۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے بارے میں شعور بیداری کیلئے ملک بھر میں 14 اپریل تا 15 مئی مودی ہٹاؤ ۔ دیش بچاؤ مہم چلائی جائے گی۔ جلسہ عام اور عوامی رابطہ کے ذریعہ مرکزی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین بدعنوانیوں میں ملوث ہیں لیکن تحقیقاتی ایجنسیوں پر حکومت کا کنٹرول ہے۔ اگر سی بی آئی کو کھلی چھوٹ دی گئی تو وہ سب سے پہلے بی جے پی قائدین کو گرفتار کرے گی۔ اڈانی اداروں کو مودی حکومت کی سرپرستی کا حوالہ دیتے ہوئے بنوئے وشوم نے کہا کہ سرکاری اداروں کی رقومات اڈانی کمپنیوں میں منتقل کی گئی تاکہ نقصان سے بچایا جائے۔ر