نئی دہلی: سنگم وہار کے ایم بلاک واقع قبرستان پر محکمہ جنگلات او رسی آر پی ایف نے قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ اطلاع ملتے ہی دہلی وقف بورڈ کے چیر مین امانت اللہ خان نے وہاں کادورہ کیا او رمحکمہ جنگلات کے ملازمین سے تبادلہ خیال کیا ۔ دریں اثناء پتہ چلاکہ محکمہ جنگلات نے سی آر پی ایف کو قبرستان لیز پر دیدیا ہے۔ وزیر جنگلا ت عمران حسین نے کہا کہ دہلی حکومت کے محکمہ جنگلات کی جانب سے قبرستان لیز پر نہیں دیاگیا ہے لیکن ڈی ڈی اے کے زیر نگرانی بھی محکمہ جنگلات آتا ہے ممکن ہے اس نے دیا ہے لیکن ہم اس تمام واقعہ کی جانچ کررہے ہیں ۔ دہلی میں وقف املاک پر قبضہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس سے قبل سی آر پی ایف نے لودھی روڈ پرواقع لال مسجد پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی او ر اب سنگم وہار پر واقع قدیم قبرستان پر اپنی نظریں جمائی ہوئی ہیں ۔ دراصل یہ قبرستان ایک پہاڑی پر ہے جہاں آس پاس بڑی تعداد میں درخت وغیرہ ہے ۔ محکمہ جنگلات کی جانب سے درخت کاٹنے کا کام جاری ہے او رقبرستان میں بھی کئی درخت کٹ گئے ہیں اس درمیان کئی قبروں کو بھی مسمار کردیاگیا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد دہلی وقف بورڈ چیر مین امانت اللہ خان نے اس قبرستان کا دورہ کیا او رمحکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے با ت کی ۔ اس موقع پر امانت اللہ خان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جنگلات کی جانب سے یہاں پیڑ کاٹے کاٹے جارہے تھے اور وہ قبرستان کی حد تک پہنچ گئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع موصول ہوئی ہے کہ محکمہ جنگلات نے یہ جگہ سی آر پی ایف کو دیدی ہے۔ امانت اللہ خان نے کہا کہ یہاں ایک بزرگ کی مزار ہے اس پر محکمہ کے لوگوں نے کہا کہ اس کو کچھ نہیں کیا جائے گا ۔ لیکن جب سی آرپی ایف کو قبرستان کی زمین دینے کی بات محکمہ جنگلا ت کے وزیر عمران حسین نے کہا کہ کوئی جگہ کسی کو نہیں دی گئی ہے ۔ امانت اللہ خاں نے کہا کہ وقف کی زمین ہمیشہ وقف رہتی ہے۔ امانت اللہ نے کہاکہ ہم اس معاملہ کی جانچ کروارہے ہیں ۔