سی ایل پی لیڈر کی بھوک ہڑتال کے سی آر کیلئے ایک دھمکی، پنالہ لکشمیا کا بیان

   

حیدرآباد ۔ 10۔جون (سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا نے کہا کہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال کے سی آر کیلئے ایک دھمکی ہے کہ وہ مستقبل میں غیر جمہوری اور غیر دستوری طریقے اختیار کرنے سے گریز کریں۔ پنالہ لکشمیا نے کہا کہ ٹی آر ایس میں جس طرح کانگریس ارکان اسمبلی کو ضم کیا گیا اس سے عوام سخت ناراض ہیں اور یہ ٹی آر ایس کے زوال کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا کی بھوک ہڑتال سے کانگریس کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے۔ جمہوریت میں ہر کسی کو احتجاج کی اجازت حاصل ہے اور احتجاج جمہوری ہتھیار ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت اپوزیشن کو احتجاج سے روکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن کے بغیر حکومت چلانے کے مقصد سے انحراف کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹی وکرمارکا کو صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بھوک ہڑتال ختم کرنے کیلئے راضی کیا گیا۔ کانگریس پارٹی جمہوری انداز میں اپنا احتجاج جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے حصول کے لئے کے سی آر کی بھوک ہڑتال محض ایک ڈرامہ تھی۔ نمس ہاسپٹل منتقلی کے بعد انہوں نے 750 کیلو کیالری کی تغذیہ بخش دوائی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کے سی آر کو چیلنج کیا کہ وہ 2014 ء بھوک ہڑتال کی ہاسپٹل کی رپورٹ برسر عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری انداز میں انحراف سے حکومت کے خلاف احتجاج میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔