سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کے لیے 15 جنوری کو اجلاس

   

وینو گوپال اے آئی سی سی مبصر ہوں گے، سریدھر بابو ، بھٹی وکرامارکا اور راج گوپال ریڈی اہم دعویدار
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی قائد کے انتخاب کے لئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 15 جنوری کو منعقد ہونے والے سی ایل پی اجلاس میں مبصر کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کرناٹک کے انچارج جنرل سکریٹری وینو گوپال کو مبصر نامزد کیا گیا جو سی ایل پی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کیلئے اجلاس میں تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری کُنتیا کے علاوہ انچارج سکریٹریز بھی شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی ایل پی اجلاس میں ایک سطری قرارداد منظور کرتے ہوئے سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کا اختیار اعلیٰ کمان کو دیا جائے گا ۔ بعد میں اے آئی سی سی کے مبصر انفرادی طور پر تمام ارکان اسمبلی کی رائے حاصل کریں گے اور اے آئی سی سی کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ توقع ہے کہ 16 جنوری کی شام تک نئی دہلی سے نئے سی ایل پی لیڈر کے نام کا اعلان کردیا جائے گا ۔ 17 جنوری سے اجلاس مقرر ہے ، لہذا 16 تک سی ایل پی لیڈر کے نام کو قطعیت دی جائے گی اور پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی اسپیکر اسمبلی کو نئے سی ایل پی لیڈر کے نام کی اطلاع دیں گے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سی ایل پی لیڈر کے لئے تین مضبوط دعویدار ہیں جن میں سریدھر بابو ، بھٹی وکرامارکا اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی شامل ہیں۔ ان کے علاوہ خواتین میں سبیتا اندرا ریڈی اور ڈی کے ارونا بھی اس عہدہ کیلئے امیدوار بتائے گئے ہیں۔ اسمبلی میں کانگریس کے عددی ارکان کے اعتبار سے قائد اپوزیشن کا عہدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ لہذا اس عہدہ کے لئے ارکان اسمبلی میں زبردست دوڑ دھوپ دیکھی جارہی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی بیرونی دورہ پر ہیں اور توقع ہے کہ وہ 11 یا 12 جنوری کو واپس ہوں گے اور وہ سی ایل پی لیڈر کے انتخاب کے سلسلہ میں ارکان اسمبلی سے مشاورت کرسکتے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں اہم سینئر قائدین کی شکست کے سبب سی ایل پی لیڈر کیلئے نومنتخب امیدواروں نے اپنی دعویداری پیش کی ہے ۔ اتم کمار ریڈی بیک وقت دو عہدوں پر برقرار نہیں رہ سکتے ، لہذا وہ پردیش کانگریس کی صدارت کو ترجیح دیں گے۔ گزشتہ اسمبلی میں ڈی کے ارونا سی ایل پی کی سکریٹری رہ چکی ہیں، لہذا وہ اسمبلی میں خاتون کو سی ایل پی لیڈر مقرر کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کا تعلق نلگنڈہ ضلع سے ہے جبکہ بھٹی وکرامارکا اور سریدھر بابو علی الترتیب کھمم اور کریم نگر ضلع سے تعلق رکھتے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے عہدہ پر فائز ہیں۔ اے آئی سی سی کی کوشش ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ مستحکم کرنے کیلئے متحرک شخصیت کو سی ایل پی لیڈر منتخب کیا جائے۔ سی ایل پی اور پی سی سی کو مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانا ہے۔ ایسے میں توقع کی جارہی ہے کہ کسی نوجوان اور عوام میں مقبول قائد کو اس عہدہ کے لئے منتخب کیا جائے گا ۔ اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد کانگریس ہائی کمان نے لوک سبھا انتخابات پر توجہ مرکوز کردی ہیں اور برسر اقتدار پارٹی سے بہتر طور پر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے قائدین کو اہم ذمہ داریاں دی جاسکتی ہیں۔