حیدرآباد۔22۔جون(سیاست نیوز) تلگودیشم رکن اسمبلی نرسی پٹنم مسٹر سی ۔ اینا پاتروڈو کو آندھراپردیش اسمبلی کا اسپیکر منتخب کرلیاگیا ۔ اینا پاتروڈو کا اسمبلی اسپیکر کے عہدہ پر متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا اور اس کا اعلان پروٹیم اسپیکر و رکن اسمبلی تلگو دیشم مسٹر سی بچیا چودھری نے ایوان میں کیا۔ اسمبلی اسپیکر کے طور پر اینا پاتروڈو کے انتخاب پر چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو و ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے مبارکباد پیش کی ۔ قبل ازیں پروٹیم اسپیکر نے اسپیکر کیلئے کوئی اور پرچہ نامزدگی موصول نہ ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ بحیثیت اسپیکر اینا پاتروڈو کا متفقہ انتخاب کیا جاتا ہے ۔ ان کے اعلان کے بعد سیکریٹری اسمبلی پی پی کے راما چاریولو نے ان کے انتخاب کی تفصیلات سے واقف کروایا بعد ازاں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو‘ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان و دیگر نے انہیں اسپیکر کی کرسی تک پہنچایا ۔ اسپیکر کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ لینے کے ساتھ ہی سی اینا پاتروڈو نے چیف منسٹر چندرا بابونائیڈو کو ایوان سے خطاب کیلئے کہا۔ چیف منسٹر نے نئے اسپیکر کے متقفقہ انتخاب پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہیں امیدہے کہ نومنتخبہ اسپیکر کی قیادت میں ایوان کی کارروائی قوانین کے مطابق چلائی جائے گی اور ایوان میں جمہوری اصولوں کو برقرار رکھتے ہوئے کارروائی انجام دی جائے گی۔ گذشتہ یوم جن تین ارکان اسمبلی نے حلف نہیں لیا تھا آج ان ارکان اسمبلی حلف برداری بھی مکمل ہوگئی اس طرح آندھراپردیش اسمبلی کے نومنتخبہ تمام 175 ارکان اسمبلی کی حلف برداری مکمل ہوچکی ہے۔3