حیدرآباد۔6۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) چیف اکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ محمد اسداللہ کو فوری اثر کے ساتھ برخواست کرنے کے تحریری احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جاچکی ہے اور عدالت نے اپنے احکامات میں محمد اسداللہ کو چیف اکزیکٹیو آفیسر کے عہدہ کے لئے نااہل قرار دیتے ہوئے سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر اسداللہ کو اس عہدہ سے برخواست کریں۔ عدالت نے محمد قطب الدین کی جانب سے داخل کی گئی رٹ درخواست میں کی جانے والی استدعاکو قبول کرلیا ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ میں جسٹس ناگیش بھیما پاکا نے رٹ درخواست نمبر 22692 میں جاری کئے جانے والے احکامات میں چیف ایگزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کو مرممہ وقف قوانین 2025 کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے 2جولائی 2025 کو جاری کئے گئے جی او نمبر 54میں اڈیشنل کلکٹر زمرہ I کے عہدیدارکے تقرر کو قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کئے جانے والے عبوری تحریری احکامات میں عدالت نے درخواست گذار کی اپیل کو قبول کرتے ہوئے رٹ درخواست میں کی گئی اپیل پر عمل آوری کی ہدایت جاری کی ہے۔ عدالت میں اس مقدمہ کے دوران سینئر کونسل ویدولہ وینکٹ رمنا نے درخواست گذار کی جانب سے پیش ہوتے ہوئے محمد اسداللہ کے تقرر کو غیر قانونی ثابت کیا تھا جس پر عدالت نے گذشتہ یوم زبانی احکامات کے بعد آج تحریری احکام جاری کردیئے ہیں۔3