سی ای او وقف بورڈ کے 16 ڈسمبر سے قبل تقرر کا امکانِ

   


بورڈ کی جانب سے دو ناموں کی محکمہ اقلیتی بہبود سے سفارش کی تیاریاں

حیدرآباد۔20۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف اگزیکیٹیوآفیسر کے عہدہ پر مستقل عہدیدار کے تقرر کیلئے 16 ڈسمبر سے قبل احکام کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہائی کورٹ کی جانب سے گذشتہ ماہ داخل درخواست نمبر 40043/2022 میں احکاما ت کے مطابق آرڈر کے اندرون 4ہفتہ چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پر مستقل عہدیدار کے تقرر کا محکمہ اقلیتی بہبود کو پابند بنایا گیا ہے ۔عدالتی احکام کے مطابق تلنگانہ وقف بورڈ کو سی ای او کے تقرر کے سلسلہ میں وقف ایکٹ 1995 کی دفعہ 23کے تحت حکومت کو ڈپٹی سیکریٹری رینک یا اس سے زیادہ رینک کے حامل 2عہدیدار کے نام روانہ کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ذرائع کے مطابق وقف بورڈ کی جانب سے جاریہ ہفتہ کے دوران بورڈ ارکان کا اجلاس طلب کرکے 2 عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی اور ان کو روانہ کرکے محکمہ اقلیتی بہبود سے خواہش کی جائے گی کہ وہ عدالت کے احکام کے مطابق دو ناموں میں کسی ایک کو مستقل چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے طور پر تقرر کرنے احکامات جاری کرے۔ ذرائع کے مطابق صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے جاریہ ہفتہ کے دوران اراکین وقف بور ڈ کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اجلاس میں دو ناموں کو قطعیت دی جائے گی ۔16نومبر کو تلنگانہ ہائی کورٹ کے احکامات کی تحریری نقل موصول ہونے کے بعد ارکان نے کارکردگی کو معمول کے مطابق بنانے اور زیر التواء امور کو حل کرنے فوری عدالتی احکام کے مطابق اجلاس کی طلبی اور عہدیداروں کے ناموں کو قطعیت دینے دباؤ ڈالنا شروع کردیا ہے ۔اراکین بورڈ اور ملازمین کا احساس ہے کہ وقف بورڈ میں چیف اکزیکیٹیو آفیسر اور بورڈ کے ذمہ داروں میں درمیان جاری رسہ کشی کے سبب بورڈ کے روزمرہ کے امور متاثرہورہے ہیں ۔م