سی اے اے کی حمایت میں سادھو سماج کی کانفرنس

   

نئی دہلی 3جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے ) کی حمایت میں ، 19 جنوری کو ملک بھر کے سنتوں کی ایک کانفرنس دہلی میں ہوگی۔یہ پروگرام آل انڈیا سنت سمیتی (شمالی ہندوستان) اور سناتن ہندو واہنی کے مشترکہ تعاون سے منعقد کیا جائے گا۔کمیٹی کے شمالی ہندوستان کے سربراہ سریندر ناتھ اودھوت نے جمعہ کو کہا ہے کہ نئی دہلی کے ماولانکر آڈیٹوریم میں منعقدہونے والے اس کانفرنس میں ملک بھر سے سنت شریک ہوں گے ۔مسٹر اودھوت نے سی اے اے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت ملک کی آزادی کے بعد سے پہلی حکومت ہے جس نے پاکستان ، بنگلہ دیش اور افغانستان کی اقلیتوں کے بارے میں فکر کی اور یہ خیال کیا کہ ان کے کنبے تین اسلامی ممالک میں رہتے ہیں لیکن ان کی بہن بیٹیوں کی زندگیاں محفوظ نہیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سی اے اے کے ذریعے ان تینوں ممالک کی اقلیتوں کو شہریت دینے کی راہ ہموار کردی ہے جس کے لئے پورا سنت سماج مودی حکومت کی تعریف کرتا ہے ۔ سی اے اے کے ذریعہ قومی مفاد میںاٹھایا جانے والا قدم بتاتے ہوئے مسٹر اودھوت نے دعوی ملک میں چنند افراد اس قانون کی مخالفت کر رہے ہیں اور سماج دشمن عناصر کے ذریعہ تشدد پھیلانے میں مصروف ہیں۔ ایسی سیاسی جماعتیں اور لوگ قوم کے لئے مہلک ہیں جن کے خلاف حکومت کو سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔