سی اے اے کے خلاف کنگ کوٹھی میں خواتین کا احتجاج

   

حیدرآباد ۔ 26 فبروری ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہنوز اچانک احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس میں خواتین جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہیں ۔ کنگ کوٹھی کے پاس آج رات خواتین کے ایک بڑے گروپ نے سی اے اے ، این آر سی اوراین پی آر کے خلاف اچانک احتجاج کیا ۔ احتجاجی خواتین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور دہلی میں سی اے کے مسئلہ پر تشدد کی مذمت کی اور اقلیتی طبقہ کے افراد کو نشانہ بنانے پر تشویش کا اظہارکیا ۔ اس احتجاج میں خواتین کے علاوہ بچے بھی شامل تھے ۔ علاقہ دبیرپورہ میں ایک تنہا شخص نے دبیرپورہ دروازہ کے قریب سی اے اے کے خلاف اچانک احتجاج کیا جس کے بعد پولیس تشویش کا شکار ہوگئی ۔ حالانکہ تنہا شخص پُرامن طور پر احتجاج کررہا تھا لیکن پولیس نے اُسے وہاں سے ہٹ جانے کیلئے کہا ۔ سی اے اے اور این آر سی جیسے سیاہ قوانین کے خلاف اپنا احتجاج مکمل کرنے کے بعد وہ وہاں سے چلا گیا۔شہر کے دیگر علاقوں میں بھی وقفہ وقفہ سے فلاش پروٹسٹ کا سلسلہ جاری ہے۔