سی اے جی رپورٹ میں مرکز کے 7 اسکام کا تذکرہ، چیف منسٹر اسٹالن کی بی جے پی پر تنقید

   

چنائی : چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں جاری کی گئی سی اے جی رپورٹ میں وزیر اعظم مودی حکومت کے سات گھوٹالے سامنے آئے ہیں۔ تروورور میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے گئے چیف منسٹر اسٹالن نے وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سی وی سی کی رپورٹ کے مطابق زیادہ تر شکایات وزارت داخلہ کے افسران کے خلاف ہیں۔ اسٹالن نے کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ میں حکومت کو بدعنوان بتایا گیا ہے۔ یہ ہم نہیں بلکہ سی اے جی کہہ رہا ہے۔ سات گھوٹالے منظر عام پر آئے ہیں۔ بھارت مالا پراجکٹ، دوارکا ریپڈ ٹرانزٹ پراجکٹ، ٹول بوتھ کلیکشن، آیوشمان بھارت، ایودھیا ڈیولپمنٹ پراجکٹ، رورل ڈیولپمنٹ پراجکٹ اور ایچ اے ایل ایئرپلین مینوفیکچرنگ اسکیم۔ سی اے جی نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام سات منصوبوں میں بدعنوانی شامل ہے۔ میڈیا میں شائع خبر کے مطابق چیف منسٹر اسٹالن نے کہا کہ ایک جعلی فون نمبر جو 99999 99999 ہے آیوشمان بھارت اسکیم میں شامل کیا گیا تھا جس میں 7.5 لاکھ مستفیدین کو شامل کیا گیا تھا۔ اسکیم کے تحت 88,760 مریضوں کی موت ہوچکی ہے لیکن ان کی موت کے بعد بھی ان کے علاج کے لیے بیمہ کی رقم دی گئی۔ اسکیم میں نااہل خاندانوں کو شامل کرکے 22.44 کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیا گیا ہے۔ یہ ہم نہیں بلکہ سی اے جی کی رپورٹ کہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوارکا ریپڈ ہائی وے اسکیم کے تحت 1 کلومیٹر سڑک کو ہموار کرنے کی رقم 18 کروڑ روپے سے بڑھا کر 250 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔ یہ تخمینہ لاگت سے 278فیصد زیادہ ہے۔ اسٹالن نے کہا کہ ایودھیا ترقیاتی پراجکٹ میں ٹھیکیداروں کو بہت سے غیر ضروری فائدے دیے گئے۔ ملک بھر میں 609 ٹول گیٹ ہیں، جن میں سے سی اے جی نے صرف پانچ کی جانچ کی ہے، جہاں این ایچ اے آئی نے قواعد کے خلاف مسافروں سے 132.5 کروڑ روپے وصول کیے ہیں۔ اس میں ٹاملناڈو کا پرانور ٹول گیٹ بھی شامل ہے جہاں قواعد کے خلاف 6.5 کروڑ روپے جمع کیے گئے۔ اس سے صرف یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پورے ملک کی جانچ میں کئی ہزار کروڑ کا گھوٹالہ سامنے آئے گا۔ اسٹالن نے کہا کہ ایچ اے ایل پراجکٹ کی وجہ سے حکومت کو 151 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سی اے جی کی رپورٹ میں 7.5 لاکھ کروڑ کی بدعنوانی کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اسٹالن نے کہ یہ سب چھپانے کے لیے وہ ہم پر جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں اور ہمیں دھمکی دینے کیلئے سی بی آئی اور ای ڈی کا استعمال کر رہے ہیں۔