سی بی آئی تحقیقات پر سوال اٹھانے والا مغربی بنگال کامعاملہ قابل سماعت : سپریم کورٹ

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کسی معاملے میں تحقیقات کی رضا مندی واپس لینے کے باوجود مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے تحقیقات جاری رکھنے کو چیلنج کرنے کا مغربی بنگال حکومت کا مقدمہ قابل سماعت ہے ۔جسٹس بی آر گوائی اور سندیپ مہتا کی بنچ نے مرکزی حکومت کے اس ابتدائی اعتراض کو مسترد کر دیا کہ اس طرح کا مقدمہ قابل سماعت نہیں ہے اور مغربی بنگال حکومت کی طرف سے دائر اصل مقدمہ کو قابل سماعت قرار دیا ہے ۔مغربی بنگال حکومت نے الزام لگایا تھا کہ سی بی آئی نے ریاست کی جانب سے رضامندی واپس لینے کے باوجود ریاست کے معاملات کی تحقیقات جاری رکھی۔ اپنے مقدمے میں، ریاستی حکومت نے الزام لگایا کہ سی بی آئی ایف آئی آر درج کرکے اپنی تحقیقات کو آگے بڑھا رہی ہے ، جبکہ ریاست (مغربی بنگال) نے اپنے علاقائی دائرہ اختیار میں مقدمات کی تفتیش کیلئے مرکزی ایجنسی کو دی گئی عام رضامندی واپس لے لی تھی۔ مغربی بنگال نے 16 نومبر 2018 کو ریاست میں تحقیقات اور چھاپے مارنے کیلئے سی بی آئی کو دی گئی عام رضامندی کو واپس لے لیا تھا۔