سی بی آئی چارج شیٹ سے نام خارج کرنے سبیتا اندرا ریڈی کی درخواست

   

خصوصی عدالت میں جگن کے غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ کی سماعت
حیدرآباد۔14 ۔جولائی (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے جگن موہن ریڈی کے غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ کی چارج شیٹ سے نام خارج کرنے کیلئے خصوصی عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔ اس مقدمہ میں اندو ٹیک زون سے متعلق چارج شیٹ پر آج سماعت کی گئی ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے اس چارج شیٹ سے نام حذف کرنے کی درخو است پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی نے غیر ضروری ان کا نام شامل کیا ہے ۔ سبیتا اندرا ریڈی نے ڈسچارج پٹیشن داخل کی اور کہا کہ اس مقدمہ سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ مقدمہ کے دیگر ملزمین این پرساد اور آئی اے ایس عہدیدار پارتھا سارتھی نے ڈسچارج پٹیشن داخل کرنے کیلئے عدالت سے وقت مانگا ہے ۔ عدالت نے چارج شیٹ پر سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی جبکہ ایمار اور دیگر معاملات سے متعلق سماعت 28 جولائی کو ہوگی۔ خصوصی عدالت نے اوبلا پورم مائیننگ مقدمہ کی سماعت کی ہے۔ ریاستی وزیر سبیتا اندرا ریڈی نے الزامات پر موقف پیش کرنے کیلئے وقت مانگا ہے جس پر عدالت نے آئندہ سماعت 19 جولائی کو مقرر کی ہے۔ آئی اے ایس عہدیدار سری لکشمی کی جانب سے داخل کردہ ڈسچارج پٹیشن پر سماعت کی گئی۔ انہوں نے ہائی کورٹ کے احکامات پیش کئے جس میں سخت کارروائی سے گریز کی ہدایت دی گئی ہے۔