سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے کویتا کو 23 اپریل تک عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل بھیج دیا

   

عدالت کے احاطہ میں میڈیا سے بات کرنے پر کویتا کو سخت انتباہ ، سی بی آئی کی نہیں بی جے پی کی تحویل : کویتا

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے دہلی شراب کیس میں بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کو 9 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرنے پر خصوصی عدالت کی جج نے کویتا کو سخت انتباہ دیا ہے ۔ عدالتی تحویل پر کویتا نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سی بی آئی تحویل نہیں ہے بلکہ بی جے پی کی تحویل ہے ۔ تحویل کی مہلت ختم ہونے کے بعد سی بی آئی کے عہدیداروں نے کویتا کو آج صبح سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ کویتا تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی ہیں جب کہ وہ اس کیس کی اہم ملزمہ ہے ۔ 14 دن کی عدالتی تحویل دینے کی اپیل کی تاہم 23 اپریل تک کویتا کو عدالتی تحویل میں دے دیا گیا ۔ سی بی آئی کی تین روزہ تحویل ختم ہوجانے پر سی بی آئی کے عہدیداروں نے آج کویتا کو خصوصی عدالت میں پیش کیا ۔ کویتا نے انہیں ضمانت دینے کی عدالت میں درخواست داخل کی جس کی سی بی آئی نے مخالفت کی ۔ راوس ایونیو کورٹ نے کویتا کی درخواست کو قبول نہیں کیا تاہم 20 اپریل سے قبل کاونٹر داخل کرنے کی سی بی آئی کو ہدایت دی ۔ عدالت کے احاطے میں کویتا کی میڈیا سے بات چیت کرنے پر سی بی آئی خصوصی عدالت کی جج کاویری بھاویجا نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کویتا کے وکیل موہت راؤ سے وضاحت طلب کی ۔ کویتا کے وکیل نے بتایا کہ میڈیا کے سوال کرنے پر کویتا نے جواب دیا ہے ۔ جج نے وکیل کو مشورہ دیا کہ وہ کویتا سے کہے کچھ بھی کہنا ہے وہ تحقیقات کے دوران سی بی آئی کو بولیں مگر عدالت کے احاطے میں بات کرنا درست نہیں ہے ۔ پھر بھی اگر بات کرنا ہے تو عدالت کے باہر بات کریں ۔ عدالت کے احاطے میں بات نہ کریں ۔ خاموشی سے سننے والے کویتا کے وکیل موہت راؤ نے کہا کہ آپ کے مشوروں سے وہ کویتا کو واقف کرادیں گے ۔ سی بی آئی کے عہدیداروں نے کویتا کو تہاڑ جیل منتقل کردیا ۔ بی آر ایس کی ایم ایل سی کویتا نے عدالت کے فیصلے کے بعد احاطے عدالت میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سی بی آئی کی نہیں بی جے پی کی تحویل ہے ۔ باہر بی جے پی کے قائدین جو بات کررہے ہیں ۔ اندر سی بی آئی کے عہدیدار وہی سوالات کررہے ہیں ۔ دو سال سے جو سوالات کررہے ہیں بار بار وہی سوالات کیے جارہے ہیں ۔ ان کے پاس کوئی نئے سوالات نہیں ہیں ۔۔ 2