نئی دہلی، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) رنجن گوگوئی نے صحافیوں کے ساتھ دو بہ دو انٹرویو منعقد کرنے سے اپنے قاصر ہونے کا آج اظہار کیا اور صحافت (پریس) کو سراہا کہ عدلیہ کے ’’آزمائشی وقت‘‘ میں ’’بے بنیاد اور جھوٹی باتوں‘‘ کے سدباب میں اپنی ’’سوجھ بوجھ‘‘ اور ’’لیاقت‘‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔ 46 ویں اور کسی شمالی مشرقی ریاست سے اولین سی جے آئی جسٹس گوگوئی نے کہا کہ سپریم کورٹ کیلئے ضروری نہیں کہ ججس ’’صحافت کے ذریعے شہریوں تک رسائی حاصل کریں‘‘۔ جسٹس گوگوئی اتوار 17 نومبر کو اپنے عہدہ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔ جرنلسٹوں کے نام تین صفحات کے مشترکہ مکتوب میں سی جے آئی نے انٹرویوز کیلئے درخواستیں قبول کرنے سے انکار کیا اور کہا: ’’میں دو بہ دو ملاقات کیلئے آپ کی گزارش کی تکمیل کرنے سے قاصر ہوں۔‘‘