سی پی آئی امیدوار کے الیکشن ایجنٹ پر حملہ

   

حیدرآباد : اولڈ ملک پیٹ میں دوبارہ رائے دہی کے دوران سی پی آئی امیدوار کے الیکشن ایجنٹ پر مجلسی کارکنوں نے مبینہ حملہ کرکے زخمی کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وارڈ 26 اولڈ ملک پیٹ میں آج رائے دہی مقرر تھی جہاں سی پی آئی لیڈر سید عابد حسین نقوی عرف عبدالمنان بوتھ پر بوگسنگ کی اطلاع پر پہونچے تھے کہ مجلسی کارکنوں نے اُن پر حملہ کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ خالد، غوث، وجیہہ الدین اور دیگر کارکنوں نے عبدالمنان پر دو مرتبہ حملہ کیا۔ اِس واقعہ کے بعد سی پی آئی لیڈر نے چادرگھاٹ پولیس کو آگاہ کیا اور پولیس پہونچ گئی۔ عبدالمنان نے کہاکہ سی پی آئی امیدوار فردوس فاطمہ کے حق میں رائے دہی کی اطلاع پر مجلسی کارکن بوگسنگ کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کو روکنے پر اُنھیں نشانہ بنایا گیا جسکے خلاف چادرگھاٹ پولیس میں شکایت درج کرائی گئی اور ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ واضح رہے کہ یکم ڈسمبر کو اولڈ ملک پیٹ میں بیالٹ پیپر پر سی پی آئی کا غلط انتخابی نشان شائع ہونے پر رائے دہی پر روک لگادی گئی تھی اور 3 ڈسمبر کو دوبارہ رائے دہی کا حکم دیا گیا تھا۔