سی پی آئی کے 6امیدواروں میں 4 مسلم، سی پی ایم سے کوئی مسلم امیدوار نہیں
حیدرآباد۔ جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں دوسری جماعتوں کی سیاسی سرگرمیوں میں پچھڑ جانے والی کمیونسٹ جماعتوں نے سب سے پہلے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے۔ واضح رہے کہ دونوں کمیونسٹ جماعتوں سی پی آئی اور سی پی ایم نے ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد کرنے کا پہلے ہی فیصلہ کیا تھا آج سب سے پہلے ان ہی جماعتوں نے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ سی پی آئی نے اپنے 6 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کی ہے جس میں 4 مسلم امیدوار شامل ہیں جبکہ سی پی ایم نے 5 امیدواروں پر مشتمل اپنی پہلی فہرست جاری کی ہے جس میں ایک بھی مسلم امیدوار شامل نہیں ہے۔ سی پی آئی نے حمایت نگر سے بی چھایہ دیوی، شیخ پیٹ سے شیخ شمس الدین احمد، تارناکہ سے پدما، للیتا باغ سے محمد عارف خان، اولڈ ملک پیٹ سے فردوس فاطمہ، اپو گوڑہ سے سید علی کو امیدوار بنایا ہے۔ سی پی ایم نے چرلہ پلی سے پی وینکٹ ، جنگم میٹ سے اے کرشنا، باغ عنبرپیٹ پیٹ سے ایم ورا لکشمی، راج نگر سے ایم دشرتھ، اڈا گٹہ سے ٹی سواپنا کو امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں کمیونسٹ جماعتوں نے کل ایک اور فہرست جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ساتھ ہی مشترکہ طور پر انتخابی مہم چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔