س147 سالہ قدیم تاریخی جیمس اسٹریٹ ریلوے اسٹیشن خستہ حالی کا شکار

   

چھٹویں نظام کے تعمیر کردہ ریلوے اسٹیشن کی عظمت رفتہ بحالی کی ضرورت ، سوشیل میڈیا میں مہم
حیدرآباد ۔ 14 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : چھٹویں نظام میر محبوب علی خاں بہادر کی جانب سے تعمیر کردہ 147 سالہ قدیم تاریخی جیمس اسٹریٹ ریلوے اسٹیشن خستہ حالت کا شکار ہوگیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد حکومت بالخصوص ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر اور اسپیشل چیف سکریٹری ارویند کمار تاریخی ورثہ کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ ابھی تک کئی تاریخی یادگار ورثہ کا تحفظ کرتے ہوئے اس کی عظمت رفتہ کو بحال بھی کیا گیا ۔ آثار قدیمہ کا تحفظ کرنے کی مہم چلانے والے جہد کاروں نے سوشیل میڈیا میں جیمس اسٹریٹ ریلوے اسٹیشن کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی تحریک شروع کی ہے ۔ واضح رہے کہ 1874 میں چھٹویں نظام میر محبوب علی خاں بہادر نے اس ریلوے اسٹیشن کی تعمیر پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے فنڈز مختص کئے تھے ۔ سکندرآباد تا واڑی تک ریلوے لائن تعمیر کرائی تھی اس وقت یہ اسٹیشن انٹرمیٹ اسٹیشن تھا ۔ تقریبا 147 سال قبل تعمیر کردہ یہ ریلوے اسٹیشن کی تعمیرات آج بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے ۔ بالخصوص قدیم باب داخلہ کی اپنی ایک خوبصورت پہچان ہے ۔ اس کی تزئین نو کرتے ہوئے کافی شاپ بنانے کا بڑے پیمانے پر سوشیل میڈیا میں مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ تب تعمیر کردہ ٹکٹ بلنگ کاونٹر ملبہ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ جس کا نصف حصہ آج بھی نظر آرہا ہے ۔ 1951 میں نظام اسٹیٹ گیارنٹیڈ ریلوے ( این ایس جی آر ) کو سنٹرل ریلوے میں ضم کیا گیا تھا ۔ تاریخی قدیم جیمس اسٹریٹ ریلوے اسٹیشن کی عظمت رفتہ کو بحال کرنا وقت کا تقاضہ ہے ۔۔ ن