س16 سالہ سام کیر کی فٹبال دنیا میں دھوم

   

سڈنی۔13 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی سوپراسٹار فٹبالر سام کیر اس وقت شہرت کی بلندیوں پر ہیں اور 16 سال کی عمر میں بین الاقوامی کریر کا آغاز کرنے والی معروف خاتون فٹبالر فرانس میں جاری ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کررہی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سام کیر سالانہ ملین ڈالر سے زائد آمدنی پانے والی پہلی آسٹریلیائی خاتون فٹبالر بن سکتی ہیں، کیرکو یوایس نیشنل ویمنز سوکر لیگ کی آل ٹائم اسکورر کا اعزاز بھی حاصل ہے، وہ دو مرتبہ فیفا پلیئر آف دی ایئر ایوارڈ کیلیے بھی مختصر فہرست میں اپنا نام درج کرواچکی ہیں۔ رواں برس معروف اسپورٹس برانڈ بنانے والی کمپنی نے کرسٹیانو رونالڈو اورکیلیان میباپے کے ساتھ کیر کو بھی اپنی مصنوعات کی تشہیر کیلیے مدعو کیا ، کیر نے کیریئر کا پہلا ورلڈ کپ بطور نوجوان 2011 میں کھیلا، اٹلی سے شکست کھاجانے والی آسٹریلیائی ٹیم کا واحد گول بھی ان کے نام رہا تھا۔ ان کے والد کا تعلق ہندوستان جبکہ والدہ کا آسٹریلیا سے ہے، انھوں نے 12 برس کی عمر میں فٹبال میں دلچسپی لینا شروع کی تھی اور محض 16 برس کی عمر میں اٹلی کیخلاف میچ میں انھیں آسٹریلیا کی جانب سے بطور متبادل پلیئر کرئیر کا موقع میسر آگیا تھا، وہ اب تک آسٹریلیا کیلیے 78 میچز میں 32 گول بنا چکی ہیں۔