س17ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ سرکاری طور پر منانے پر زور

   

بی جے پی قائدین کا آج گورنر تلنگانہ سے نمائندگی کا پروگرام
حیدرآباد 13 ستمبر (سیاست نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ہفتہ کو گورنر سے 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ کو سرکاری طور پر منانے کے سلسلہ میں نمائندگی کی جائے گی۔ بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر لکشمن، پریمندر ریڈی جنرل سکریٹری، سری وردھن ریڈی تلنگانہ ویموچنا کمیٹی چیرمین سوامی گوڑ اور دیگر قائدین پر مشتمل ایک وفد گورنر تلنگانہ سے ملاقات کرے گا اور ان سے درخواست کرے گا کہ وہ ریاستی حکومت کو ہدایت جاری کریں کہ 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ سرکاری طور پر منایا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ کرناٹک اور مہاراشٹرا میں جو حیدرآباد اسٹیٹ میں شامل تھے اور اس کا حصہ تھے، یوم آزادی سرکاری طور پر منایا جاتا ہے تو تلنگانہ میں کیوں نہیں منایا جاتا۔ 15 اور 16 ستمبر کو بی جے پی کے اہم قائدین آزادی کی جدوجہد سے منسوب تاریخی مقامات بشمول بیرم پلی (نظام آباد)، اپم پلی (محبوب نگر)، کورم بھیم (آصف آباد) نرمل، یروپالم (کھمم ڈسٹرکٹ) کا دورہ کریں گے اور شہیدوں کو خراج ادا کریں گے۔ ڈاکٹر لکشمن، این اندرسین ریڈی، ڈی کے ارونا، رکن پارلیمنٹ بنڈی سنجے، ڈی اروند اور دوسرے قائدین ان تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے اور ان مقامات پر صبح 9 بجے پرچم کشائی کریں گے۔ 10 تا 12 بجے دن گرام پنچایتیں، منڈلس، میونسپل ہیڈ کوارٹرس پر ترنگا یاترا منعقد ہوگی۔ اس کے بعد 2 بجے دن پٹن چیرو میں جلسہ عام منعقد ہوگا جس سے مرکزی قائدین مخاطب کریں گے۔