س20 سالہ جیمی سیریز ریس جیتنے والی پہلی خاتون

   

چینائی ۔14 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کی 20 سالہ خاتون ڈرائیور جیمی چیڈوک نے ہندوستان کے شہر چینائی میں ایم آر ایف چیلنج انٹرنیشنل سیریز ریس جیتنے والی پہلی خاتون ڈرائیور کا اعزاز حاصل کر لیا۔ جیمی برطانوی ریس سرکٹ میں انتہائی تیزی سے ابھرتی ہوئی اور مقبو ل ترین ڈرائیور ہیں اور انہوں نے اپنی کامیابیوں کا یہ سلسلہ ہندوستان میں بھی جاری رکھا۔ ریس کے فائنل مرحلے میں پیچھے ہونے کے باوجود جیمی نے خسارہ کم کیا اور ٹرافی کے ساتھ 25ہزار پونڈ کا انعام جیتنے میں کامیاب رہیں۔ دبئی میں اسی سلسلے کی ریس میں جیمی دوسرے نمبر پر رہی تھیں جبکہ بحرین میں وہ 3 ریسیں جیتنے کے باوجود18پوائنٹس پیچھے تھیں تاہم چینائی میں راونڈ تھری میں برطانوی ڈرائیور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 3 اہم فتوحات کے ساتھ ، جس میں ایک تیزترین لیپ بھی شامل تھا، مجموعی طور پر97 پوائنٹس کے ساتھ اپنی حریف اور فارمولا ون ڈرائیور میکس ڈیفورنی کو 37 پوائنٹس کی واضح برتری سے ہرا کر خطاب جیت لیا۔ کامیابی کے بعد جیمی نے کہا کہ مقابلہ بہت سخت تھا اور سخت گرمی نے اسے مزید مشکل بنا دیا تھا لیکن مجھے خوشی ہے کہ میں تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے فاتح رہی۔ اس ریس میں یورپین فارمولا 3کے چمپیئن اور مائیکل شوماکر کے بیٹے مک شو ماکر کے علاوہ پائٹروفٹیپالڈی جیسے ڈرائیور بھی شرکت کرتے رہے ہیں۔